انفراسٹرکچر کی بحالی میں مصروف عملہ قوم کی عظیم خدمت کررہا ہے: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کے بحالی کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ متاثرہ سڑکوں کو جلد از جلد بحال کیا جائے گا، انفراسٹرکچر کی بحالی میں مصروف عملہ قوم کی عظیم خدمت کررہا ہے

1875557
انفراسٹرکچر کی بحالی میں مصروف عملہ قوم کی عظیم خدمت کررہا ہے: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کے بحالی کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ متاثرہ سڑکوں کو جلد از جلد بحال کیا جائے گا، انفراسٹرکچر کی بحالی میں مصروف عملہ قوم کی عظیم خدمت کررہا ہے، پوری قوم مشکل کے اس وقت میں متحد ہے ، سیلاب سے لاکھوں گھر تباہ ہوگئے اور 1300 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں، وزیراعظم نے انفراسٹرکچر کی بحالی میں مصروف افراد کیلئے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا، مشکل وقت میں قوم اکٹھی ہو کر دن رات کام کرتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے ضلع کچھی میں پنجرہ پل پر سیلاب متاثرہ روڈ ریلوے انفراسٹرکچر کی بحالی کا جائزہ لینے اور بی بی نانی پل کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما عبدالغفور حیدری ، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ، چیئرمین این ایچ اے حسن آغا سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے بلوچستان کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعظم کو کو ضلع کچھی میں پنجرہ پل پر سیلاب سے متاثرہ ریلوے انفراسٹرکچر کی بحالی پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ کے دوران متعلقہ حکام نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، انفراسٹرکچر کی بحالی میں پہلے سے بہتر کام کریں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ متاثرہ سڑکوں کو جلد سے جلد بحال کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے مصروف عملہ کیلئے 50 لاکھ روپے کے انعام کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی بحالی میں مصروف عملہ قوم کی عظیم خدمت کر رہے ہیں، بحالی کا کام قومی خدمت ہے، خدمت کرنے والوں کو قوم دعائیں دے گی، انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس وقت متحدہ ہے، متاثرین کے مویشی سیلاب میں بہہ گئے ہیں ، فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، سیلاب سے لاکھوں گھر تباہ ہوئے ہیں اور 1300 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے سندھ ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، جنوبی پنجاب اور گلگت بلتستان کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کار خیر میں جو بھی اپنا حصہ ڈال رہے ہیں وہ مبارکباد کے مستحق ہیں، پوری قوم کو یکجا ہو کر مشکل وقت میں خدمت کرنا چاہئے، جو مشکل وقت میں قوم کی خدمت کر رہے ہیں وہ مسیحا ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے بی بی نانی پل کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ حکام نے انہیں اس حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ضلع بولان میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچائی ہے، یہاں سے سیلاب کی وجہ سے پل بہہ گئے ہیں اور ٹریفک بند ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے، محکمہ پولیس ، اسسٹنٹ کمشنر نے مکمل تعاون کیا جو قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس کوآرڈینیشن کے ساتھ کام ہوا ہے اور 8 گھنٹے کے بعد پل دوبارہ بحال کیا جس پر سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب کی بڑی آفت کے بعد لوگوں نے جذبے اور پوری لگن کے ساتھ متاثرین کی خدمت کی، مصیبت کا وقت جب آتا ہے تو پوری قوم اکٹھی ہو جاتی ہے اور سب دن رات ایک کر کے متاثرین کی امداد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر جتنے مزدوروں نے بھی کام کیا ہے ان کیلئے 30 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کرتا ہوں، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی 20 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔

ان افراد نے دن رات ایک کر کے اپنا خون پسینہ بہایا اور پل کو دوبارہ بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا جو سب کیلئے ایک رول ماڈل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہاں پر گیس کی پائپ لائنوں کی بحالی بھی جلد ہو جائے گی ، گیس کی بحالی کیلئے بھی 10 لاکھ روپے کا اعلان کرتا ہوں۔

 



متعللقہ خبریں