عمران خان نے حکومت کو 6 دن کا الٹی میٹم دے دیا

عمران خان نے جناح ایونیو اسلام آباد پہنچ کر پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب میں حکومت کو چھ دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا اگر امپورٹڈ حکومت نے الیکشن کا اعلان نہ کیا تو 30 لاکھ لوگ لے کر اسلام آباد واپس آؤں گا

1832877
عمران خان نے حکومت کو 6 دن کا الٹی میٹم دے دیا

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے حکومت کو الیکشن کا اعلان کرنے کے لیے 6 دن کا الٹی میٹم دے دیا۔

عمران خان نے جناح ایونیو اسلام آباد پہنچ کر پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب میں حکومت کو چھ دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا اگر امپورٹڈ حکومت نے الیکشن کا اعلان نہ کیا تو 30 لاکھ لوگ لے کر اسلام آباد واپس آؤں گا، امپورٹڈ حکومت چھ دن میں اسمبلی تحلیل کر کے الیکشن کااعلان کرے۔

عمران خان نے کہا کہ آزادی کی تحریک کو ناکام کرنے کیلئے ہر قسم کا طریقہ استعمال کیا گیا، کارکنوں نے جس طرح آنسو گیس کا مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں سمیت ہزاروں افراد گرفتار ہیں۔ سپریم کورٹ گرفتاریوں اور ڈی چوک، لبرٹی چوک پر آنسو گیس کی شیلنگ کا نوٹس لے۔

عمران خان نے کہا میں نے فیصلہ کیا تھا کہ جب تک الیکشن کی تاریخ نہیں دیتے یہاں بیٹھا رہوں گا، لیکن پچھلے 24 گھنٹے میں جو حالات دیکھے، ان سے پتا چلتا ہے کہ ان کی کوشش ہے ہماری پولیس سے لڑائی کروائی جائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا یہ میرے ملک کو انتشار کی طرف لے جا رہے ہیں، یہ خود کو بچانے کے لیے عوام کو پولیس سے لڑوانا چاہتے ہیں، یہ چاہتے ہیں پولیس کے خلاف نفرت پھیلائی جائے، رینجرز کا استعمال کیا گیا، جیسے ہم دہشت گرد اور ملک کے غدار ہوں، یہ ہمیں اپنی فوج کے خلاف بھی کر رہے ہیں۔

قبل ازیں، آزادی مارچ کا مرکزی قافلہ جناح ایونیو پہنچا، تو جناح ایونیو میں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، عوام امپورٹڈ حکومت نامنظور، اور غلامی نامنظور کے نعرے لگا رہے تھے۔

عمران خان نے جناح ایونیو پہنچ کر عوام سے خطاب میں کہا کہ پُر امن احتجاج ہمارا حق تھا لیکن امپورٹڈ حکومت نے تشدد کیا، میں سپریم کورٹ سے انصاف چاہتا ہوں، انھوں نے کہا کس ملک کی جمہوریت میں پُرامن احتجاج کی اجازت نہیں؟ لیکن ہمارے 5 لوگوں کو شہید کیا گیا۔

چیئرمین نے کہا میں ہمیشہ فیملیز کو اپنے جلسوں میں بلاتا ہوں، ہماری آزادی کی تحریک میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، میں خاص طور پر اپنی قوم کی خواتین کو سلام کرتا ہوں، امپورٹڈ حکومت نے تشدد کیا، ججز اور وکلا سے انصاف چاہتا ہوں۔

خیال رہے کہ ڈی چوک پر موجود عوام رات بھر آنسو گیس کی شیلنگ کا سامنا کرتے رہے، صبح ہوتے ہی پولیس کی جانب سے ایک بار پھر شیلنگ کی گئی، تاہم شیلنگ رکتے ہی عوام پھر ڈی چوک پر جمع ہو گئے۔



متعللقہ خبریں