بھارتی میزائلوں کو پاکستان میں آ گرنا انتہائی تشویش ناک بات ہے، آرمی چیف

پاکستان ایک  اہم اقتصادی  محل وقوع میں  واقع ہے، خطے کو دہشتگردی، غربت، موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے

1805998
بھارتی میزائلوں کو پاکستان میں آ گرنا انتہائی تشویش ناک بات ہے، آرمی چیف

آرمی  چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  کا کہنا  ہے کہ قومی  مقاصد کے حصول کیلئے قیام  امن  لازمی ہے، شہریوں کی سلامتی اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک  ہماری جدوجہد جاری رہے گی، بھارت کی جانب سے میزائل کا پاکستانی حدود میں گرنا باعث تشویش ہے۔

 جامع سلامتی کے موضوع پر 2 روزہ اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک  اہم اقتصادی  محل وقوع میں  واقع ہے، خطے کو دہشتگردی، غربت، موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، خطے کی سکیورٹی اور استحکام ہماری پالیسی کا حصہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ  پاکستان خطے کے مسائل کو شراکت داری سے حل کرنے پر گامزن ہے، ہم  دہشت گردی کیخلاف مثالی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اس  جنگ میں  90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی گئی، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک  ہماری یہ  جدوجہد جاری رہے گی۔

 آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کی خوشحالی اور سلامتی ہماری ترجیح ہے، ہمسایہ ممالک کیساتھ مل کر امن کیلئے کام کر رہے ہیں، امن و استحکام ترقی اور خوشحالی کیلئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، پاکستان نے عالمی برادری کیساتھ مل کر افغان عوام کی مدد کی، ہم پرامن اور خوشحال پاکستان کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان نے 40 لاکھ افغان باشندوں کو پناہ دے رکھی ہے، یوکرین بحران میں افغان عوام کو نظر انداز نہ کیا جائے، افغانستان سے متعلق رابطوں کو نظرانداز نہ کیا جائے، افغان عوام کی مدد کیلئے مزید کام کی ضرورت ہے، افغانستان پر پابندیاں وہاں کے عوام کی مشکلات میں اضافے کا باعث ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارتی میزائل کا پاکستان میں گرنا باعث تشویش ہے، پاکستان نے بھارتی میزائل گرنے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا، بھارت پاکستان اور دنیا کو بتائے کہ اس کے ہتھیار محفوظ ہیں۔



متعللقہ خبریں