عالمی برادری افغان عوام کی امداد ،اقتصادی معاونت کا وعدہ پورا کرے: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کی نگرانی کا عمل جاری رکھنے اور اِس سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر بھی زور دیا

1793518
عالمی برادری افغان عوام کی امداد ،اقتصادی معاونت کا وعدہ پورا کرے: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اِس بات پر زور دیا ہے کہ بھارت کو غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں اسکی غیر قانونی کارروائیوں اور سنگین جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔وہ اسلام آباد میں انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر MICHELLE BACHELET سے باتیں کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کی نگرانی کا عمل جاری رکھنے اور اِس سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر بھی زور دیا۔شاہ محمود قریشی نے آبادی کا تناسب تبدیل کرنے ، انسانی حقوق کے کارکنوں پر حملوں، ماورائے عدالت قتل، جعلی مقابلوں، املاک کو نقصان پہنچانے اور کالے قوانین کے تحت قابض فوج کو دیئے گئے استثنیٰ کے تناظر میں بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کو بھی بے نقاب کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کو بھی افغان عوام کی انسانی اور اقتصادی امداد سے متعلق اپنے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔انہوں نے واضح کیا کہ افغان عوام کو انسانی اور معاشی بحران سے بچنے کیلئے عالمی امداد اور حمایت کی اشد ضرورت ہے۔عالمی برادری کی افغانستان سے انسانی حقوق سے متعلق توقعات کا اعتراف کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان حکام سے مثبت انداز میں رابطہ کیا جانا چاہئے۔

وزیر خارجہ نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے فروغ، تحفظ اور پائیدار ترقی کے ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے اور انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے عملے کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا

 



متعللقہ خبریں