بھارت ریاستی ہتھیار کے طور پر دہشت گردی سے باز آجائے، عاصم افتخار

بھارت سی پیک منصوبے  کو سبوتاژ کرنے کیلئے منفی پروپیگنڈہ میں مصروف ہے

1781374
بھارت  ریاستی ہتھیار کے طور پر دہشت گردی  سے باز آجائے، عاصم افتخار

ترجمان دفتر خارجہ پاکستان  عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ بھارت دہشت گردی کو ریاستی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے سے باز آجائے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ میں  بلوچستان میں دہشت گردی کی نئی لہر پر  ایک سوال کے  جواب میں عاصم افتخار  نے بتایا  کہ دہشت گردی ایک  عالمی مسئلہ ہے اور پاکستان دنیا کے دیگر ممالک کی طرح دہشت گردی کا شکار رہا ہے،ہم  نے بڑی دلیری  سے اس جنگ کا مقابلہ کیا اور جرات مندانہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

 ان  کا کہنا تھا کہ بھارت سی پیک منصوبے  کو سبوتاژ کرنے کیلئے منفی پروپیگنڈہ میں مصروف ہے، سرحد پار سے بھارت، پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، ایرانی وزیرِداخلہ کے حالیہ دورہ  پاکستان  میں بھی اس معاملے کو  اٹھایا  گیا ہے۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ سمجھوتہ ایکسپریس سانحہ کو 15 سال ہو چکے اور بھارت اس گھناؤنے سانحہ کے ملزمان کو کٹہرے میں لانے اور متاثرین کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہا، سانحے کے ذمہ داروں کے اعترافِ جرم کے باوجود ان کی رہائی یہ ظاہر کرتی ہے کہ بی جے پی کی قیادت میں بھارت کی حکومت دہشتگردوں کی کھلی حامی اور ان کو تحفظ فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

آج صبح بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستان کی طرف سے احتجاج کیا گیا، بھارت سے مطالبہ کیا گیا کہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے اور اس ضمن میں بین  الاقوامی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھائے،  پاکستان نے  بھارت میں حجاب پر پابندی کے خلاف بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

 



متعللقہ خبریں