پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے مغربی حصے میں رابطے کوبہتر بنایا جائے گا: عمران خان

وہ بدھ کےروز اسلام آباد میں دو سوترانوے کلومیٹر طویل ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قبائلی علاقوں اور بلوچستان کو شاہراہوں کے ساتھ منسلک کرنے سے انقلاب آئے گا اور ملک کے روشن مستقبل کو یقینی بنائے گا

1757780
پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے مغربی حصے میں رابطے کوبہتر بنایا جائے گا: عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے حکومت کے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے مغربی حصے میں رابطے کوبہتر بنایا جائے گا۔

وہ بدھ کے روز اسلام آباد میں دو سوترانوے کلو میٹر طویل ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قبائلی علاقوں اور بلوچستان کو شاہراہوں کے ساتھ منسلک کرنے سے انقلاب آئے گا اور ملک کے روشن مستقبل کو یقینی بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مغربی روٹ کے پہلے مرحلے کی تکمیل سے متعدد ثمرات حاصل ہوں گے اور پسماندہ علاقوں کی معاشی ترقی یقینی ہوگی۔جامع ترقی کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دنیا میں ریاست مدینہ انتہائی کامیاب نمونہ تھی کیونکہ اس میں عام آدمی کا معیار بہتر ہوا ،قانون کی حکمرانی اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا۔ عمران خان نے نشاندہی کی کہ مہنگائی کے باوجود موجودہ حکومت نے گزشتہ حکومت کی نسبت شاہراہوں کے منصوبے کم خرچ پر مکمل کئے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے بدعنوانی کے خلاف اقدامات کی وجہ سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔صحت کے نظام کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو صحت کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے صحت کارڈ سکیم متعارف کرائی ہے انہوں نے یقین دلایا کہ پنجاب میں تمام گھرانوں کو اس سال مارچ تک صحت کارڈ فراہم کئے جائیں گے۔ مواصلات کے وزیر مراد سعید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے تین سال کے عرصے میں شاہراہوں کے دو ہزاربتیس کلومیٹر طویل منصوبے مکمل کئے ہیں۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت شاہراہوں کے ایک ہزار چھ سو سڑسٹھ کلو میٹر طویل منصوبوں پر کام جاری ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ شاہراہوں کے قومی ادارے کی آمدن میں ایک سو پچیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔



متعللقہ خبریں