قائدِ پاکستان کے یوم ولادت پر اعلی حکام کے پیغامات

پاکستان کو  ایک عظیم ریاست کی سطح سے ہمکنار کرنے کے لیے  ہمیں ان کے  اصولوں پر عمل درآمد کرنا ہوگا، صدرِ پاکستان

1752463
قائدِ پاکستان کے یوم ولادت پر اعلی حکام کے پیغامات

صدرِ پاکستان عارف علوی نے قائداعظم کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا  ہےکہ در پیش  چیلنجز پر قابو پانے کے لیے ہمیں اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم کے زریں اصولوں کو اپنانا ہوگا، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہمیں نظم و ضبط، بھائی چارے اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ آج پوری قوم محسن پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی، علیحدہ خودمختار ریاست کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کی، آپ نے اپنی صلاحیتوں، عزم اور غیرمعمولی کردار کی بدولت پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلا، پاکستان کو  ایک عظیم ریاست کی سطح سے ہمکنار کرنے کے لیے  ہمیں ان کے  اصولوں پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا، پاکستان کی خوشحالی کیلئے نظر انداز کئے گئے طبقات کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دینا ہوگی، آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک عظیم اور مضبوط ملک بنائیں گے۔

یوم قائد کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہماری حکومت کرپشن سے پاک معاشرے، پسماندہ شہریوں کی مدد کیلئے کوشاں ہے، چیلنجز پر قابو پانے کا واحد حل اتحاد، ایمان اور نظم کے نظریات پر عمل پیرا ہونا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج ہم اپنے عظیم رہنما قائداعظم محمدعلی جناح کا یوم پیدائش منا رہے ہیں، ہمارے بچوں کیلئے فخر کی بات ہے کہ وہ ایک آزاد پاکستان میں پیدا ہوئے، قائداعظم کی جدوجہد کے بغیر ہمارا مقدر نہیں بن سکتا تھا، قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کی اہمیت کا احساس کیا، جناح کی ایمانداری، محنت، استقامت اور بڑے مقصد کیلئے لگن نے انہیں عظیم لیڈر بنایا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے یوم ولادت قائداعظم پر بابائے قوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم کے یوم ولادت پر پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتی ہے، قائداعظم قول کے سچے، دُھن کے پکے، کردار کے کھرے اور باعمل راہبر تھے، قائداعظم راست گو اور راست باز انسان تھے، وہ ہمیشہ سیدھے راستے پر ہی چلے۔

 



متعللقہ خبریں