کراچی میں گیس پائپ لائن میں زوردار دھماکہ، متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے

دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی

1749348
کراچی میں گیس پائپ لائن میں زوردار دھماکہ، متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے

کراچی کے علاقے شیر شاہ پراچہ چوک کے قریب شدید  دھماکا ہوا ہے

 ابتدائی طور پر دھماکا گیس پائپ لائن پھٹنے سے ہوا ہے، گیس پائپ لائن نالے کے نیچے سے گزر رہی تھی اور دھماکا نالے میں گیس بھرنے سے ہوا، تاہم حتمی طور پر کہنا قبل ازوقت ہے کہ دھماکا کسی تخریب کاری کا نتیجہ ہے یا حادثاتی طور پر ہوا۔

دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی، جب کہ متعدد گاڑیاں اور دکانیں تباہ ہوگئیں، اور جائے وقوعہ تباہی کا منظر پیش کررہا ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ نالے میں گیس بھر جانے سے ہوا، دھماکے سے نجی بینک کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ دو منزلہ عمارت نالے پر تعمیر کی گئی تھی۔ عمارت میں بینک اور دیگر دفاتر بھی موجود تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں متعد گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔ پولیس اور رینجرز اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

ریسکیو کے مطابق اب تک 14 افراد کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ 13 زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے، جن کی حالت تشویشناک ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ملبے کے نیچے لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ دھماکے کی جگہ سے ملبہ ہٹانے کیلئے مشینری طلب کرلی گئی۔ عینی شاہد کے مطابق دھماکے کے وقت بینک کھلا ہوا تھا، بینک میں معمول کے مطابق کام ہو رہا تھا۔



متعللقہ خبریں