پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مشترکہ ورثے اور کثیر الجہتی تعاون جاری ہے: وزیر خارجہ

جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے 50ویں قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت کی طرف سے متحدہ عرب امارات کی قیادت کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کی

1742282
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مشترکہ ورثے اور کثیر الجہتی تعاون  جاری ہے: وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مشترکہ ورثے اور کثیر الجہتی تعاون پر مبنی بہترین برادرانہ دو طرفہ تعلقات قائم ہیں۔ پاکستان مشرق وسطیٰ کو افغانستان اور وسطی ایشیا سے ملانے کے لیے تیار ہے۔

جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے 50ویں قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت کی طرف سے متحدہ عرب امارات کی قیادت کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ ورثے اور کثیر جہتی تعاون پر مبنی ہیں۔

متحدہ عرب امارات نے جو فقیدالمثال ترقی کے مدارج طے کیے ہیں وہ متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کی دور اندیش قیادت کے بغیر ممکن نہیں تھے۔اس عظیم رہنما کو پاکستان سے بہت لگاؤ ​​تھا۔ انہوں نے پاکستان میں بہت سے سماجی و اقتصادی منصوبوں میں ذاتی دلچسپی لی اور پاکستانی ورکرز کو متحدہ عرب امارات میں کام کرنے کا موقع دیا – یہ پاکستانی، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں ان کے جانشین رہنما شیخ زاید کے طے کردہ اعلیٰ معیارات کی پیروی کر رہے ہیں اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے کوشاں ہیں ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان کے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔ وزیر اعظم عمران خان اور عزت مآب محمد بن زید النہیان کے بار بار ہونے والے دوروں نے ہمارے دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت پیدا کی ہے، ہمارے تجارتی اور اقتصادی تعلقات بھی مضبوط ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی فورمز پر بھی باہمی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہم متحدہ عرب امارات کو – 2022-23 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں انتخاب اور کوپ 26 کی میزبانی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔متحدہ عرب امارات کی فاؤنڈیشن کی گولڈن جوبلی کے موقع پر، ہم ایکسپو 2020 کے کامیاب انعقاد پر بھی مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔ یہ مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور جنوبی ایشیا خطے میں پہلی عالمی نمائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات ہمارے دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم حصہ ہیں اور مسلسل نمو پا رہے ہیں۔ 8 بلین ڈالر سے زیادہ کی باہمی تجارت کے ساتھ، متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ اس کا شمار پاکستان میں سب سے بڑے غیر ملکی سرمایہ کاروں میں ہوتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی مسلسل پیش رفت اور گوادر بندرگاہ کے آپریشنل ہونے سے پاکستان مشرق وسطیٰ کو افغانستان اور اس کے بعد وسطی ایشیا سے ملانے کے لیے تیار ہے۔ ہمارے خطوں کے درمیان بہتر رابطہ ہمارے لوگوں کے لیے کافی منفعت بخش ہو گا۔



متعللقہ خبریں