صدر عارف علوی کا سائبر سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس اکیڈمی میں BASC-49 ایئرپورٹ سیکیورٹی کورس کی پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا

1740431
صدر عارف علوی کا سائبر سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دنیا کے سامنے ملک کا مثبت امیج پیش کرنے کے لیے اعلی اخلاقی اقدار کے ساتھ بہترین معیار کی پیشہ ورانہ مہارت پر زور دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ اے ایس ایف قومی جذبے اور لگن کے ساتھ ملک کی خدمت جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس اکیڈمی میں BASC-49 ایئرپورٹ سیکیورٹی کورس کی پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں وفاقی وزیر برائے سول ایوی ایشن غلام سرور خان، اے ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عابد لطیف خان، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئیر جنرل صلاح الدین ایوبی ، کمانڈنٹ اے ایس ایف اکیڈمی لیفٹیننٹ کرنل یاور عباس کے علاوہ تاجر رہنماوں، سفارت کاروں اور دیگر معززین نے شرکت کی ۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اے ایس ایف اکیڈمی میں 24 ہفتوں کا ایئرپورٹ سیکیورٹی ٹریننگ کورس مکمل کرنے پر شرکاء کو مبارکباد پیش کی۔صدرمملکت نے کہا کہ جب آپ قومی سلامتی کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے عوام کے ساتھ شائستگی سے پیش آتے ہیں تو آپ کی پیشہ ورانہ مہارت کا اندازہ لگایا جاتا ہے اور عوام کے میں مثبت تاثر بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس کی وباء کے دوران اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے اور افغانستان سے حالیہ انخلاء کے دوران خدمات فراہم کرنے پر اے ایس ایف کو سراہا گیا ہے جس سے دنیا میں بھی مثبت تاثر گیا ۔

انہوں نے اے ایس ایف میں خواتین کی اچھی تعداد میں شمولیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اس قول کا حوالہ دیا کہ پاکستان اس وقت ترقی کرے گا اور خوشحال ہوگا جب خواتین ہر میدان میں حصہ لیں گی۔قبل ازیں انہوں نے تربیتی کورس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے ۔

اپنے استقبالیہ خطاب میں کمانڈنٹ اے ایس ایف اکیڈمی لیفٹیننٹ کرنل یاور عباس نے اکیڈمی کی تاریخ اور بین الاقوامی معیار کے سیکورٹی کورسز/ٹریننگ کے بارے میں شرکاء کو آگا ہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایف ملک کے 28 ایئرپورٹس پر سیکیورٹی سروس فراہم کر رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اب تک اے ایس ایف کو پیشہ ورانہ خدمات پر حکومت پاکستان کی جانب سے بہترین کارکردگی پر دو دفعہ ستارہ شجاعت اور 23 تمغہ شجاعت سے نوازا گیا ہے۔



متعللقہ خبریں