وزیر اعظم عمران خان بلدیاتی انتخابات کے لیے پارٹی جلسے شروع کر رہے ہیں

اس وقت مہنگائی کی صورتحال کے سبب عوامی رائے حکومت کے حق میں نہیں ہے

1739280
وزیر اعظم عمران خان بلدیاتی انتخابات کے لیے پارٹی جلسے شروع کر رہے ہیں

وزیر اعظم عمران خان  صوبہ  پنجاب میں دو جبکہ دیگر صوبوں میں ایک ایک بڑے جلسوں سے خطاب کر کے تحریک انصاف  کی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے عمران خان نے اپنے وزرائے اعلی سمیت وفاقی وصوبائی وزراءکے تمام تر تحفظات اور مشوروں کو ”ویٹو“ کرتے ہوئے الیکشن تیاریاں شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ لاہور کے لارڈ میئر کیلئے موجودہ وفاقی وزیر توانائی میاں حماد اظہر کو ”گرین سگنل“ مل گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تحریک انصاف کے وزرائے اعلی اور گورنرز سمیت وفاقی و صوبائی وزراء نے وزیر اعظم کو قائل کرنے کی کوشش کی تھی کہ اس وقت مہنگائی کی صورتحال کے سبب عوامی رائے حکومت کے حق میں نہیں ہے لہذا الیکشن موخر کردیا جائے تاہم وزیر اعظم نے حکم دیا کہ ہر صورت الیکشن ہوگا ۔ اس حوالے سے موزوں بلدیاتی امیدواروں کی تلاش کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اس آپشن پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات میں تین حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیں ممکنہ طور پر وہ ڈی جی خان میں اپنے موجودہ حلقہ کے علاوہ اٹک اور چیچہ وطنی کے دو حلقوں سے بھی الیکشن میں حصہ لیں گے۔

ذرائع کے مطابق حکومت آئندہ چھ ماہ میں مہنگائی پر قابو پانے سمیت تحریک انصاف کو سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور طریقہ سے فعال کرنا چاہتی ہے تا کہ بلدیاتی اور عام انتخابات میں اپوزیشن کا بھرپور مقابلہ کیا جا سکے ۔



متعللقہ خبریں