الیکٹرانک ووٹنگ مشین، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق، بلز منظور، اپوزیشن کا ہنگامہ، کاپیاں پھاڑ دیں

بل کے مطابق الیکشن کمیشن نادرا اور کسی بھی ادارے کے تکنیکی تعاون سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو رازداری اور تحفظ میں عام انتخابات کے دوران ووٹ ڈالنے کا حق دے گا۔

1735339
الیکٹرانک ووٹنگ مشین، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق، بلز منظور، اپوزیشن کا ہنگامہ، کاپیاں پھاڑ دیں

بدھ کے روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں انتخابات دوسرا ترمیمی بل 2021 منظور کیا گیا جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا گیا ہے اور انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔

بل کے مطابق الیکشن کمیشن نادرا اور کسی بھی ادارے کے تکنیکی تعاون سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو رازداری اور تحفظ میں عام انتخابات کے دوران ووٹ ڈالنے کا حق دے گا۔بل کے تحت الیکشن کمیشن کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں خریدے۔

مشترکہ اجلاس نے عالمی عدالت انصاف (جائزہ اور نظرثانی) بل2021 بھی منظور کیا۔یہ بل وزیر قانون فروغ نسیم نے پیش کیا جس میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے میں جائزے اور نظرثانی کا حق دیا گیا ہے تاکہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو قانونی حیثیت دی جائے۔بھارتی جاسوس کو اپریل2017 ء میں ایک عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔ کمانڈر یادیو را کا ایجنٹ ہے جس نے پاکستان میں دہشت گردی کے متعدد واقعات میں سہولت کاری کی جس سے لاتعداد بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت قانون سازی کے ذریعے انتخابات کا قابل اعتماد اور شفاف نظام متعارف کرانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کی انتخابی اصلاحات کا مقصد انتخابی عمل کو چوری ہونے سے بچانا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے اپنی طرف سے متعدد بار انتخابی اصلاحات کے بارے میں حزب اختلاف کی جماعتوں سے رابطہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں فیصلہ سازی میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے گا۔اس سے پہلے بحث میں حصہ لیتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کی بھر پور مخالفت کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی انتخابی اصلاحات کو الیکشن کمیشن نے بھی مسترد کیا ہے، شہباز شریف نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے حوالے سے حزب اختلاف کے ساتھ مشاورتی عمل دوبارہ شروع کیا جائے۔

مشترکہ اجلاس میں منظور کیے گئے دیگر بلز یہ ہیں۔

اسلام آباد کیپٹل ٹیراٹری چیریٹی رجسٹریشن ریگولیشن اینڈ فیسلیٹیشن بل2021 ۔سٹیٹ بینک آف پاکستان بینکنگ سروسز کارپوریشن ترمیمی بل۔نیشنل کالج آف آرٹس انسٹی ٹیوٹ بل۔مسلم عائلی قوانین (سیکشن4 اور7 میں ترمیم) کابل۔اینٹی ریپ تحقیقات و مقدمہ بل 2021 ۔حیدرآ باد انسٹی ٹیوٹ فار ٹیکنیکل اینڈ مینجمنٹ سائنسز بل۔اسلام آباد رینٹ رسٹرکشن ترمیمی بل۔کریمنل لاء ترمیمی بل۔کارپوریٹ ری سٹرکچرنگ کمپنیز بل۔فنانشل انسٹی ٹیوشنز سیکورڈ ٹرانزیکشنز ترمیمی بل۔فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ویلیڈیشن آف رولز بل) ۔یونیورسٹی آف اسلام آباد بل۔زراعت‘ تجارت اور صنعتی مقاصد کے لئے قرضوں کا ترمیمی بل۔کمپنیز ترمیمی بل ۔نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن ترمیمی بل۔پاکستان اکادمی ادبیات ترمیمی بل۔پورٹ قاسم اتھارٹی ترمیمی بل۔پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن ترمیمی بل۔گوادر پورٹ اتھارٹی ترمیمی بل۔میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی ترمیمی بل۔امیگریشن ترمیمی بل۔اور نجکاری کمیشن ترمیمی بل۔

 

 

 

 



متعللقہ خبریں