ماضی کی حکومتوں کی نسبت کم لاگت میں سڑکیں اور موٹرویز بنا رہے ہیں : وزیراعظم عمران خان

منگل کی شام اسلام آباد میں سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ماضی کی حکومتوں کے مقابلے میں کم لاگت سڑکیں اور موٹرویز تعمیر کر رہی ہے

1734802
ماضی کی حکومتوں کی نسبت کم لاگت میں سڑکیں اور موٹرویز بنا رہے ہیں : وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے ملک میں شاہرات کے ڈھانچے کو بہتر بنانے کیلئے آج 128کلومیٹر طویل للہ جہلم دورویہ سڑک کا سنگ بنیاد رکھا۔

منگل کی شام اسلام آباد میں سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ماضی کی حکومتوں کے مقابلے میں کم لاگت سڑکیں اور موٹرویز تعمیر کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے اپنے پہلے تین سال میں 640 کلومیٹر سڑکیں تعمیر کیں جبکہ تحریک انصاف کی حکومت اس عرصے میں 1750 کلومیٹر سڑکیں بنا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میری حکومت نے سڑکوں کے منصوبوں میں شفافیت یقینی بنانے سے تقریباً ایک ہزار ارب روپے بچائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار ملک میں تین ڈیم بنائے جا رہے ہیں جبکہ اگلے دس سال میں دس ڈیم تعمیر کئے جائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کم کرنے کیلئے ملک میں جنگلات کا رقبہ بڑھا رہی ہے۔عمران خان نے کہا کہ بلاشبہ مہنگائی پاکستان سمیت پوری دنیا کو بری طرح متاثر کر رہی ہے لیکن حکومت عوام کو مہنگائی سے بچانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی مشکلات کم کرنے کیلئے جلد بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائیگا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ للہ جہلم دورویہ سڑک پر چار ارب چونسٹھ کروڑ روپے لاگت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ شاہراہ جی ٹی روڈ اور موٹروے کو ملائے گی۔ اس سے علاقے میں ترقی ہو گی اور نوکریاں پیدا ہوں گی۔وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ شفافیت ان اربوں روپے سے تعمیر ہونے والے منصوبوں کا طرہ امتیاز ہے۔یہ شاہراہ چکوال، خوشاب، منڈی بہاؤ الدین، گجرات اور میرپور کو آپس میں ملائے گی۔منصوبے سے سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ کھیت سے منڈی تک اجناس کی فراہمی میں آسانی ہو گی۔ روزگار کے مواقع بڑھیں گے جس سے خوشحالی آئے گی۔



متعللقہ خبریں