وزیراعظم عمران خان کا افغانستان کی صورتحال پر پاکستان ایران کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھنے پر زور

ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف میجرجنرل محمدباقری سے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ افغانستان کے امن واستحکام میں دونوں ممالک کابراہ راست مفادہے

1719418
وزیراعظم عمران خان کا افغانستان کی صورتحال پر پاکستان ایران کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھنے پر زور

وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کی صورتحال پرچھ ہمسایہ ممالک کے پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان اورایران کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پرزوردیاہے۔

ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف میجرجنرل محمدباقری سے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ افغانستان کے امن واستحکام میں دونوں ممالک کابراہ راست مفادہے۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان پائیدارمعیشت اوررابطوں کے فروغ پرمبنی ایک پُرامن اورمستحکم افغانستان دیکھنے کاخواہشمندہے۔وزیراعظم نے اس امرپربھی زوردیاکہ وہ عالمی برادری کوافغانستان کے لئے انسانی امداد کی فوری فراہمی کے لئے مثبت اندازمیں متحرک رہناچاہیے اور اقتصادی بحران روکنے کے اقدامات کرنے چاہئیں۔

وزیراعظم نے اس اہم موقع پر خاص طورپرسے موسم سرما کے آغاز سے پہلے افغان عوام کی مدد کے لئے افغانستان کے مالی اثاثوں کی بحالی کی ضرورت پرزوردیا۔عمران خان نے افغانستان میں قومی مصالحت اورجامع سیاسی تصفیے کی اہمیت کوبھی اجاگرکیا۔

وزیراعظم نے پاک ایران سرحد کوامن اوردوستی کی سرحدقرار دیا اور دونوں طرف سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کوبھی واضح کیا۔وزیراعظم نے سرحدپرمارکیٹوں کے قیام کے معاہدے کاذکرکرتے ہوئے اس امرپرزوردیا کہ ان مارکیٹوں کے آغاز سے علاقے میں روزگارکے مواقع پیدا کرنے میں مددملے گی۔وزیراعظم نے ایران خصوصاً رہبراعلیٰ کی طرف سے جموں وکشمیرکے تنازع پرکشمیریوں کی بھرپورحمایت کوسراہتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام اپنے جائزنصب العین کے لئے ایران کی بھرپور حمایت کی توقع رکھتے ہیں۔



متعللقہ خبریں