ملک کے آئی ٹی سیکٹر کو یورپی اور امریکی معیار کے برابر لانے کی ضرورت ہے: صدرعارف علوی

صدر نے ان خیالات کا اظہار پیر کو کراچی میں اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا

1718246
ملک کے آئی ٹی سیکٹر کو یورپی اور امریکی معیار کے برابر لانے کی ضرورت ہے:  صدرعارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کے آئی ٹی سیکٹر کو یورپی اور امریکی معیار کے برابر لانے کے ساتھ ساتھ ڈیٹا کی حفاظت کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ٹی سیکٹر کے لیے ون ونڈو آپریشن کی ضرورت ہے تاکہ ہماری پیداواری صلاحیت اور 21 ویں صدی کے آئی ٹی چیلنجز کے درمیان فرق کو کم کیا جا سکے۔

صدر نے ان خیالات کا اظہار پیر کو کراچی میں اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے صدر او آئی سی سی آئی عرفان صدیقی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ او آئی سی سی آئی جیسی کاروباری برادریوں کو موجودہ انفراسٹرکچر کے اندر مارکیٹ پر مبنی نقطہ نظر رکھنے کے لیے تعلیمی اداروں کے ساتھ رابطہ اور تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے کاروباروں کو وسعت دینے کے لئے مناسب پالیسیاں تشکیل دی ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

اقتصادی ترقی میں آئی ٹی سیکٹر کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ ملک کے وسائل کا موثر انتظام اور کاروبار میں آئی ٹی پر مبنی طریقے اپنانے سے مثبت نتائج برآمد ہو سکتے ہیں اور کووڈ 19 وبائی مرض کے منفی اثرات پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔ صدر مملکت نے خواتین کو بااختیار بنانے اور خصوصی افراد کو ان کے حقوق دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ اکتوبر کے پورے مہینے کے دوران اپنے متعلقہ کاروباری مقامات پر چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار اداکریں۔ اس موقع پر او آئی سی سی آئی وفد کے ارکان نے حکومتی پالیسیوں کو سراہا اور ملک کے مستقبل پر اعتماد کا اظہار کیا۔



متعللقہ خبریں