وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا دورہ ہرنائی، زلزلہ متاثرہ علاقوں کا جائزہ

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ سماجی تحفظ پروگرام زلزلے سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے اہم ہے، وفاقی حکومت ہرنائی کے تمام خاندانوں کو فوری امداد کے طور پر 12،000 روپےنقد دے گی

1717607
وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا دورہ ہرنائی، زلزلہ متاثرہ علاقوں   کا جائزہ

وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وفاقی حکومت سے درکارمالی معاونت کا جائزہ لینے کے لیے ہرنائی کے زلزلہ زدہ علاقوں کا دورہ کیا، دورے کے بعد انہوں نے وزیر اعظم کی منظوری پر ہرنائی کے تمام خاندانوں کے لیے وفاقی حکومت کے نقد امداد کے پیکیج کا اعلان کیا۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ سماجی تحفظ پروگرام زلزلے سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے اہم ہے، وفاقی حکومت ہرنائی کے تمام خاندانوں کو فوری امداد کے طور پر 12،000 روپےنقد دے گی،یہ معاونت احساس پروگرام کے تحت کی جائے گی۔ا ن کا کہنا تھا کہ یہ امداد متاثرہ خاندانوں کے لیے نقصانات کی تفصیلی تشخیص کے بعد کے معاوضے کے علاوہ ہوگی۔

ہرنائی میں ڈاکٹر ثانیہ کے ہمراہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری ، چیف سیکرٹری بلوچستان ماتھر نیاز رانا ، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس کھوکھر ، کمشنر سبی ڈویژن ، ڈپٹی کمشنر ہرنائی اور احساس اور پاک فوج کے سینئر افسران موجود تھے۔ ڈاکٹر ثانیہ نے ضلع بھر میں ہونے والےجانی اور مالی نقصانات پر دکھ کا اظہار کیا اور گاؤں کلی شور اور تحصیل ہرنائی کے دیگر علاقوں میں جا کر متاثرہ خاندانوں سےان کی خیریت دریافت کی۔

متاثرہ افراد سے ہمدردی کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نے کہا کہ وفاقی حکومت اس مشکل وقت میں ہرنائی کے لوگوں کے ساتھ ہے اور ان کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی،ان کا کہنا تھا کہ ہم زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے پرعزم ہیں اور احساس کی شاک ریسپانسیو رجسٹری بھی متاثرہ علاقوں میں پیر تک اپنے ڈیسک قائم کردے گی۔انہوں نے محکمہ آبپاشی ہرنائی میں احساس رجسٹریشن ڈیسک کھولنے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔

ہرنائی میں احساس قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری سروے مکمل ہو گیا ہے۔ رجسٹریشن ڈیسک خود اندراج میں ان گھرانوں کو سہولت فراہم کریں گے جنہیں احساس کی مدد درکار ہے۔اس سے قبل ڈاکٹر ثانیہ نے ڈسٹرکٹ ہسپتال ہرنائی کا بھی دورہ کیا اور زلزلے کے دوران زخمی ہونے والوں سے ملاقات کی۔

گزشتہ روز وہ سول ہسپتال کوئٹہ اور گورنر بلوچستان ظہور آغا کے ہمراہ سی ایم ایچ بھی گئیں جہاں زیر علاج متاثرین کی عیادت کی۔وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق ضلع ہرنائی میں لوگوں کو پکا ہوا کھانا فراہم کرنے کے لیے ‘احساس کو ئی بھوکا نا سوئے’ کے دو فوڈ ٹرک بھی آج کام شروع کرچکے ہیں۔واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2021 کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تباہ کن زلزلہ آیا تھا،صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے مشرق میں آنے والے اس زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ضلع ہرنائی ہے۔



متعللقہ خبریں