وزیراعظم عمران خان کا افغان صورتحال پر سعودیہ، امارات اور قطر کے حکمرانوں سے رابطہ

وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری پرزوردیا ہے کہ وہ افغان عوام کی معاشی مدد کریں اوران کے ملک کی تعمیر نو میں کردار اداکریں

1702898
وزیراعظم  عمران خان کا افغان صورتحال پر سعودیہ، امارات اور قطر کے حکمرانوں سے رابطہ

 

وزیراعظم عمران خان کا افغانستان کی صورتحال پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور 

ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 وزیراعظم عمران خان کا سعودی ولی عہدمحمدبن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں ‏دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ انسانی المیے اور مہاجرین کے بحران سے بچنے کے لیے بین الاقوامی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کی فوری انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اقدامات پر زور دیا اور کہا کہ عالمی برادری افغان عوام کی معاشی اور ملک کی تعمیر نو میں مدد کرے، ایک پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور علاقائی استحکام کے لیے بہت ضروری ہے۔

دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں ایک جامع سیاسی تصفیے کی اہمیت اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان سمیت خطے کے مفاد میں ہے، صرف جامع سیاسی تصفیہ کے ذریعے ہی افغانستان کے لوگوں کو تحفظ اور امن فراہم کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کی معاشی مدد اور تعمیر نو میں کردار ادا کرنا چاہییے، افغانستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کے معاملے پر امیر قطر تمیم بن حماد الثانی کو بھی فون کیا۔ وزیراعظم نے قطر کے ساتھ سیاسی اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ  کیا۔

وزیراعظم نے کوویڈ کی صورتحال میں قطر کی مدد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک قطر حکومت کا دولاکھ سے زائد پاکستانیوں کی کوویڈ صورتحال میں دیکھ بھال قابل تعریف اقدام ہے۔

 



متعللقہ خبریں