بزرگ کشمیری رہنماسیدعلی شاہ گیلانی انتقال کرگئے

وزیراعظم عمران خان نے ایک بیان میں کہاکہ کشمیری حریت رہنماسیدعلی گیلانی کے انتقال سے انہیں صدمہ پہنچاہے جنہوں نے اپنی تمام زندگی کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہدمیں صرف کی

1701202
بزرگ کشمیری رہنماسیدعلی شاہ گیلانی انتقال کرگئے

بزرگ کشمیری رہنماسیدعلی شاہ گیلانی رات اپنے گھرسرینگرمیں بانوے سال کی عمرمیں انتقال کرگئے۔

سیدعلی گیلانی تحصیل بانڈی پورہ کے گائوں Zoori Munzمیں سیدپیرشاہ گیلانی کے ہاں انیس ستمبرانیس سوانتیس کوپیدا ہوئے۔صدرڈاکٹرعارف علوی نے بزرگ حریت رہنماسیدعلی شاہ گیلانی کی وفات پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ کشمیرایک عظیم رہنماسے محروم ہوگیا ہے جنہوں نے اپنی تمام عمر بھارتی سامراج کے خلاف جدوجہدمیں گزاری۔

وزیراعظم عمران خان نے ایک بیان میں کہاکہ کشمیری حریت رہنماسیدعلی گیلانی کے انتقال سے انہیں صدمہ پہنچاہے جنہوں نے اپنی تمام زندگی کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہدمیں صرف کی۔انہوں نے کہاکہ علی گیلانی قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں تشدداورمشکلات کے باوجود اپنے موقف پرڈٹے رہے۔وزیراعظم نے کہاکہ ہم پاکستان میں ان کی دلیرانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں اوراُن کے یہ الفاظ یاد رکھیں گے کہ ''ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے''۔

انہوں نے کہاکہ آج پاکستانی پرچم سرنگوں رہے گا اورملک میں سرکاری طورپرایک روزہ سوگ منایا جائے گا۔وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ پاکستان کو سیدعلی شاہ گیلانی کے انتقال پرانتہائی افسوس ہے جو کشمیر کی تحریک آزادی کے مشعل بردارتھے اورآخری دم تک کشمیریوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کی۔وزیراطلاعات ونشریات چودھری فواد حسین اور بری فوج کے سربراہ جنرل قمرجاویدباجوہ نے بھی سیدعلی گیلانی کے انتقال پرگہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیاہے۔



متعللقہ خبریں