سائنس وٹیکنالوجی کے شعبہ میں تحقیق اور اختراعی ٹیکنالوجیزسے اقوام ترقی کرتی ہیں: صدر عارف علوی

صدرمملکت نے ٹیکنالوجی ایکسپو اورسٹارٹ اپ چیلنج میں پاکستانی محققین اورطلبا کی مصنوعی ذہانت پرمبنی مصنوعات پرخوشی کااظہارکیا

1700567
سائنس وٹیکنالوجی کے شعبہ میں تحقیق اور اختراعی ٹیکنالوجیزسے اقوام ترقی  کرتی ہیں: صدر عارف علوی

صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ مصنوعی ذہانت کاشعبہ چیلنجوں سے بھرپورہے اور ہمارے نوجوانوں کوان چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تیارہوناپڑے گا، ملک کوترقی اورخوشحالی کے راستے پرگامزن کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اورمہارت سے لیس نوجوانوں کی ضرورت ہے ، حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بہت اہمیت دے رہی ہے اور نوجوانوں کوہنرفراہم کرنے کیلئے ڈی جی سکلز اورکامیاب جوان کے تحت کئی پروگرام شروع کئے ہیں تاکہ یہ نوجوان ہماری سماجی اوراقتصادی ترقی میں اپنا کلیدی کرداراداکرسکے۔

منگل کویہاں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے سینٹرفارآرٹیفیشل انٹیلی جنس کے زیراہتمام آرٹیفیشل انٹلی جنس ٹیک کورس 2021 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہاکہ سائنس وٹیکنالوجی کے شعبہ میں تحقیق اور اختراعی ٹیکنالوجیزسے بھرپوراستفادہ کرنے والی اقوام ہی ترقی کی منازل تیزی سے طے کرسکتی ہے، ہماری سب سے بڑی کامیابی معلومات کا درست اوربروقت استعمال اورچیزوں کی پیشگی پہچان میں مضمر ہے،

صدرمملکت نے ٹیکنالوجی ایکسپو اورسٹارٹ اپ چیلنج میں پاکستانی محققین اورطلبا کی مصنوعی ذہانت پرمبنی مصنوعات پرخوشی کااظہارکیااور کہاکہ یہ بات خوش آئندہے کہ ان مصنوعات میں ہمارے معاشرے اورصنعت کو درپیش چیلنجوں کا اختراعی طریقوں سے احاطہ کیاگیاہے۔صدرنے کہاکہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بہت اہمیت دیتی ہے، اس صنعت پرتوجہ مرکوز کرنے کے نتیجہ میں گزشتہ مالی سال میں پاکستان کی آئی ٹی کی برآمدات 2.12 ارب ڈالرتک پہنچ گئی ہے۔

صدرمملکت نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیک کورس 2021 میں طلبا، محققین، اختراع کاروں کے اختراعی آئیڈیا اورخیالات کوسراہا اورایکسپومیں انعامات واعزازات دینے والوں کی مبارکباددی اورکہاکہ انہیں یقین ہے کہ اس طرح کے پروگراموں اوراقدامات سے نسٹ کا سینٹرفارآرٹیفیشل انٹلی جنس ملک میں مصنوعی ذہاہت کی ترویج کے حوالہ سے اولین سینٹرکااعزاز حاصل کرے گا۔



متعللقہ خبریں