وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ پرنس فیصل بن فرحان السعود کی ملاقات

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ پرنس فیصل بن فرحان السعود نے وزیراعظم عمران خان سے منگل کو یہاں ملاقات کی

1681199
وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ پرنس فیصل بن فرحان السعود کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے اور تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔

سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کا کردار قابل تعریف ہے، کووڈ سے متعلقہ سفری پابندیوں کی وجہ سے سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی بروقت واپسی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ پرنس فیصل بن فرحان السعود نے وزیراعظم عمران خان سے منگل کو یہاں ملاقات کی۔

وزیراعظم نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر خادمین الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر مئی 2021ء کے اپنے سعودی عرب کے دورہ کا بھی ذکر کیا جس میں کئے گئے فیصلوں کی روشنی میں وزیراعظم نے اس کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے نئی راہیں تلاش کی جائیں۔ وزیراعظم نے خصوصیت کے ساتھ زور دیا کہ معاشی جہت کو تقویت دینے اور تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کی فعالیت کے حوالہ سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات میں بہتری کیلئے تزویراتی سمت کے تعین کیلئے اعلیٰ سطح کا اہم پلیٹ فارم ہے۔

وزیراعظم نے سعودی عرب کی خوشحالی اور دونوں ممالک کی ترقی کیلئے پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے درمیان مضبوط رابطوں سے دوطرفہ تعلقات کو ٹھوس بنیادیں فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

افغانستان کی صورتحال کے حوالہ سے وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں تمام فریقین کو سیاسی حل کیلئے تعمیری اور بامقصد بات چیت کرنی چاہئے جو کہ امن اور خطہ کے استحکام کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

اس موقع پر سعودی وفد نے پرتپاک خیرمقدم کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ پرنس فیصل نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کا حامل ہے، یہ تعلقات اخوت ارو بھائی چارے پر مبنی ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کے سٹرٹیجک احکامات کی روشنی میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 



متعللقہ خبریں