عوام کو اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمت پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم عمران خان

پیر کو وزیراعظم کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے جائزہ کیلئے اجلاس منعقد ہوا

1680568
عوام کو اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمت پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم  عمران خان

 

وزیر اعظم عمران خان نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مستقل بنیادوں پر نگرانی اور مناسب قیمتوں کو یقینی بنانے کے حوالہ سے قائم سیل کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ غفلت کے مرتکب افسران،منافع خوروں اور مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو سہولت فراہم کی جائے۔

پیر کو وزیراعظم کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے جائزہ کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار، وزیر مملکت براے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب ، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین ،چیف سیکرٹری پنجاب اور بلوچستان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمت پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تحصیل و ضلعی انتظامیہ اور مسابقتی کمیشن کے ذریعے اشیائے خوردو نوش کی مناسب قیمتوں کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ منافع خوروں اور مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو سہولت فراہم کی جائے۔

وزیرِ اعظم نے چیف سیکرٹریزکو ہدایت کی کہ قیمتوں کے حوالے سے غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے ۔ وزیر اعظم نے قیمتوں کی مستقل بنیادوں پر نگرانی اور مناسب قیمتوں کو یقینی بنانے کے حوالے سے قائم سیل کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔



متعللقہ خبریں