کوئٹہ کے ایک نجی ہوٹل میں دہماکے میں چار افراد ہلاک، دہماکے کی ذمہ داری ٹی ٹی پی نے قبول کرلی

پولیس ذرائع کے مطابق یہ ایک کار بم دھماکہ تھا۔زخمیوں کو طبی علاج معالجے کیلئے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے

1626176
کوئٹہ کے ایک نجی ہوٹل میں دہماکے میں چار افراد ہلاک، دہماکے کی ذمہ داری ٹی ٹی پی نے قبول کرلی

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے زرغون روڈ پرو اقع نجی ہوٹل کے پارکنگ ایریا میں زوردار بم دھماکے سے 4افراد جاں بحق جبکہ 12ا فراد زخمی ہو گئے جن میں سے 2کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ ایک کار بم دھماکہ تھا۔زخمیوں کو طبی علاج معالجے کیلئے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات 10 بج کر10منٹ پرکوئٹہ کے زرغون روڈ پر واقع معروف نجی ہوٹل کے پارکنگ ایریا میں زور دار دھماکہ ہوا جس سے پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، دھماکے کی آواز پورے کوئٹہ شہر میں سنی گئی۔

 اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا ، دھماکے کے بعد سول ہسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور طبی و نیم طبی سٹاف کو طلب کرلیا گیا ۔ سول ہسپتال ترجمان کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق جبکہ 12زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 2کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔

جاں بحق افراد میں ہوٹل کا سکیورٹی گارڈ اور ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہا ر کیا اور کہا کہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے پوری قوم متحد ہے ۔

وزیراعلیٰ نے سکیورٹی فورسز کو فول پروف اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردوں نے اپنی بزدلانہ کارروائیوں کے لئے مقامی ہوٹل کو نشانہ بنایا۔

گورنر بلوچستان امان اﷲ خان یاسین زئی ، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید ،بلاو ل بھٹو ، مریم نواز ،صوبائی وزیر داخلہ ضیا اﷲ لانگو ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات بشریٰ رندسمیت دیگر اہم شخصیات نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ٹی وی کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔



متعللقہ خبریں