کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے : وزیراعظم عمران خان

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے کوویڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا

1612669
کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے : وزیراعظم عمران خان

وزیرِ اعظم عمران خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ، کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے اور وباء کی روک تھام کے حوالے سے حکمت عملی ملکی معاشی حالات اور خصوصاً عام عوام کی مشکلات کو سامنے رکھ کر ترتیب دینا ہوگی، ہماری تمام تر حکمت عملی کا محور غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور ان کو وبا کے منفی اثرات سے بچانا ہے، وزیرِ اعظم نے تمام صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کے حوالے سے عوام کو متحرک کیا جائے اور ضلعی انتظامیہ کے موثر کردار کو بھی یقینی بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے کوویڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر کا مقابلہ کرنے کے ضمن میں سب سے موثر حکمت عملی وباء کو تیزی سے پھیلانے والےمحرکات پر قابو پانا اور ماسک کا استعمال ہے۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو ملک میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کی صورتحال، مثبت کیسز کی شرح، کوویڈ ویکسین کی دستیابی اور عوام کو فراہمی اور مستقبل قریب میں ویکسین کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات اور خطے میں کورونا کی تیسری لہر کے بعد کی صورتحال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ عوام میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے غفلت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور آگاہی مہم شروع کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر کے تجربے سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ کورونا وبا کی روک تھام کے حوالے سے ماسک کا استعمال سب سے موثر رہا ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے اور وباء کی روک تھام کے حوالے سے حکمت عملی ملکی معاشی حالات اور خصوصاً عام عوام کی مشکلات کو سامنے رکھ کر ترتیب دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وباء سے سب سے زیادہ غریب عوام متاثر ہوتی ہے۔ ہماری تمام تر حکمت عملی کا محور غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور ان کو وبا کے منفی اثرات سے بچانا ہے۔

 

 

 

 

 



متعللقہ خبریں