وزیراعظم عمران خان کاعوام پرکورونا سےبچائو کےحفاظتی اقدامات پر سختی سےعملدرآمدکی ہدایت

ٹیلی ویژن پر ایک پیغام میں وزیر اعظم نے کہاکہ ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور لوگو ں کو وینٹی لیٹرز پر رکھا جا رہا ہے

1610299
وزیراعظم عمران خان کاعوام پرکورونا سےبچائو کےحفاظتی اقدامات پر سختی سےعملدرآمدکی ہدایت

وزیر اعظم عمران خان نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کرونا سے بچائو کے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل در آمد کریں کیونکہ اس وبا کے پھیلائو کی تیسری لہر پہلی دونوں لہروں سے زیادہ خطر ناک ہے ۔
ٹیلی ویژن پر ایک پیغام میں وزیر اعظم نے کہاکہ ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور لوگو ں کو وینٹی لیٹرز پر رکھا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اگر خدانخواستہ اسی شرح سے مرض پھیلتا رہا تو ہسپتال اپنی گنجائش تک بھر جائیں گے۔
وزیر اعظم نے جو ایک ہفتہ پہلے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قرنطینہ میں ہیں ،لوگوں کوبتایا کہ وہ پہلی دونوں لہروں کے دوران وبا سے محفوظ رہے کیونکہ انہوں نے حفاظتی اقدامات پر پورا عمل کیا ۔
تاہم سینیٹ کے انتخابات کے دورا ن وہ حفاظتی اقدامات کی پاسداری نہیں کرسکے جس کی وجہ سے انہیں کرونا ہوگیا۔
وزیراعظم نے کہاکہ دنیا نے یہ حقیقت دیکھ لی ہے کہ ماسک پہننے سے کرونا میں مبتلا ہونے کے امکانات بہت حد تک کم ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تیسری لہر برطانیہ سے آئی اور اس میں مبتلا افراد لاہور،پشاور اور اسلام آباد آئے جہاں یہ وائرس تیزی سے پھیلا۔
انہوں نے کہاکہ تیسری لہر میں تیزی کی وجہ سے کرونا سے بچائو کی ویکسین کی دستیابی کم ہو گئی ہے ۔
وزیر اعظم نے کہابہتر یہ ہے کہ احتیاطی تدابیر اور قواعد و ضوابط کی پاسداری کی جائے اور شادی کی تقریبات ،ہوٹلوں اور بند کمروں کے اجتماعات میں شرکت سے گریز کیا جائے جو کرونا وبا میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ہم کاروبار اور کارخانے بند نہیں کرسکتے مگر ہم بند عوامی مقامات پرجانے سے گریز کر سکتے ہیں۔



متعللقہ خبریں