پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر مزید 41 جانیں لے گئی، 4525 نئے مریض رجسٹرڈ

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 525 افراد کے کووڈ۔ 19 ٹیسٹ مثبت آئے

1610369
پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر مزید 41 جانیں لے گئی، 4525 نئے مریض رجسٹرڈ

پاکستان بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 41 اموات ہوئیں جن میں سے 12 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث خیبرپختونخواہ کے بعد پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 525 افراد کے کووڈ۔ 19 ٹیسٹ مثبت آئے۔ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ۔ 19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے ملتان میں 67 فیصد,لاہور میں 52 فیصد،گوجرانوالہ میں 60 فیصد اور اسلام آباد میں 64 فیصد مریض ہیں۔

اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسسز کے تناسب کے لحاظ سے پشاور میں 78 فیصد،سوات میں 73 فیصد،گجرات میں 70 فیصد اور گوجرانوالہ میں 85 فیصد مریض ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ۔19 کے 40 ہزار 369 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 9 ہزار 140, پنجاب میں 15 ہزار 780, خیبرپختونخوا میں 8 ہزار 196, اسلام آباد میں 5 ہزار 359, بلوچستان میں 758,گلگت بلتستان میں 377, آزاد کشمیر میں 759 ٹیسٹ شامل ہیں۔ اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 98 ہزار 197 ہو چکی ہے۔ بلوچستان،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹرز پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے لیے مختص وینٹیلیٹرز پر 387 مریض ہیں۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 46 ہزار 663 ہے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ 59 ہزار 116 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 12 ہزار 484, بلوچستان میں 19 ہزار 525, گلگت بلتستان میں 5 ہزار 10، اسلام آباد میں 56 ہزار 450, خیبر پختونخوا میں 85 ہزار 531، پنجاب میں 2 لاکھ 15 ہزار 227 اور سندھ میں 2 لاکھ 64 ہزار 889 مریض ہیں۔



متعللقہ خبریں