وزیراعظم عمران خان بڑی سرعت سے صحتیاب ہو رہے ہیں: وزیر اطلاعات شبلی فراز

شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کورونا ایس او پیز کے تحت ملاقات کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی صحت کافی بہتر ہے، آئندہ چند دنوں میں وزیراعظم عوام کے ساتھ ہوں گے

1608910
وزیراعظم عمران خان بڑی سرعت سے صحتیاب ہو رہے ہیں: وزیر اطلاعات شبلی فراز

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کورونا ایس او پیز کے تحت ملاقات کی گئی، مریم نواز خود کو قانون سے بالاتر سمجھتی ہیں، ملک سے اخلاقیات اور قانون کی بالادستی کو بھی بالکل تباہ و برباد کر دیا گیا، کسی ملزم کا لشکر کے ساتھ عدالت میں پیش ہونا درست نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس ملک میں ایسے کلچر کو فروغ نہیں دینا چاہیے کہ اگر کوئی بھی عدالت یا تفتیشی ادارہ کسی ملزم کو بلائے تو وہ جتھے لیکر وہاں پہنچ جائے اور امان و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کرے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی صحت کافی بہتر ہے، آئندہ چند دنوں میں وزیراعظم عوام کے ساتھ ہوں گے، وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں مکمل ایس او پیز پر عملدرآمد کیا گیا، وزیراعظم عمران خان سے ساتھ ہماری ملاقات کا موازنہ اس لشکر کشی کے ساتھ نہیں کیا جا سکتا جو مریم نواز نیب پیشی کے وقت کرنا چاہتی ہیں۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ صوبے میں امن و امان قائم رکھنا صوبائی حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہوتی ہے، پنجاب حکومت نے مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر رینجرز کی درخواست کی تھی، مریم نواز کی پیشی ملتوی کئے جانے کے حوالے سے نیب بہتر بتا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو اڑھائی سال مکمل ہو گئے ہیں اور اب آئندہ اڑھائی سال کے دوران ہم نے تعمیر و ترقی اور گورننس پر توجہ مرکوز کرنی ہے، ہم عوام کی بہتری کیلئے مختلف اقدامات کر رہے ہیں، پی ٹی آئی سینٹ میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، اب ہم ریفارمز، تعمیر و ترقی پر بھی کام کریں گے۔



متعللقہ خبریں