پاکستان، برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، شاہ محمود قریشی

برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے خصوصی ملاقات

1605059
پاکستان، برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، شاہ محمود قریشی

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے  کہ پاکستان، برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے خصوصی ملاقات  ہوئی۔جس دوران دو طرفہ تعلقات، مجموعی علاقائی سلامتی، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اس موقع پر وزیر خارجہ نے بتایا کہ  پاکستان برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔پاکستان افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے۔ بین الافغان مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا، افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ناگزیر ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بے جا پابندیوں کے خاتمے اور خطے میں قیام امن کیلئے برطانیہ سمیت عالمی برادری کو مثبت کردار کرنے کی ضرورت ہے۔ خطے میں دیرپا امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل، وقت کی اہم ضرورت ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے  بھی خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

 



متعللقہ خبریں