پاک بحریہ کی افریقہ میں انسانی امدادی کاروائیاں مصمم طریقے سے جاری

بحری جہاز نصر نے افریقی خطے میں انسانی ہمدردی اور آفات سے نمٹنے کے مشن کے تحت کوٹونو بندر گاہ کا دورہ کیا

1595796
پاک بحریہ کی افریقہ میں انسانی امدادی کاروائیاں مصمم طریقے سے جاری

پاک بحریہ کے بحری جہاز نصر نے افریقی خطے میں انسانی ہمدردی اور آفات سے نمٹنے کے مشن کے تحت کوٹونو بندر گاہ کا دورہ کیا۔ کوٹونو بندرگاہ آمد پر نائیجر میں پاکستان کے سفیر جناب احمد علی سروہی، پاکستان کے اعزازی کونسلر، نائیجیریا میں پاکستان کے ڈیفنس اتاشی اور دیگر بحری حکام نےجنگی بحری جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس سے پیشتر اس نے جبوتی اور سوڈان کی بندرگاہوں پر بھی لنگر ڈالتے ہوئے اپنے امور سر انجام دیے تھے۔

افریقی عوام سے یکجہتی اور دوستانہ تعلقات کے فروغ کے لیے پی این ایس نصر نے نائیجر اور بینائن کے لیے غذائی امداد فراہم کی۔ غذائی امداد فراہم کرنے کی تقریب میں دونوں ممالک کے اعلٰی سرکاری و دفاعی افسران سمیت، نائیجر کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمے کے نائب وزیر، بینائن پریزیڈنسی آفس کے ڈپٹی ڈائریکٹر، بینائن میں نائیجر کے سفیر، وزارت خارجہ کے جنرل سیکر یٹری اور نائیجر میں پاکستان کے سفیر نے بھی شرکت کی۔دونوں ممالک کے حکام نے پاکستان اور پاک بحریہ کے اس اقدام پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں، پی این ایس نصر نے ایسی ہی امداد جبوتی اور سوڈان کے عوام کے لیے بھی فراہم کی تھی۔

کوٹونو میں دورے کے دوران مشن کمانڈر اور پی این ایس نصر کے کمانڈنگ آفیسر نے نائیجر کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمے کے نائب وزیر، بینائن کی وزارت خارجہ کے جنرل سیکریٹری اور بینائن کے امیرالبحر سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران، باہمی تعاون کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے افریقی ممالک کے عوام کے لئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔

واضح رہے کہ یہ افریقی ممالک میں پاک بحریہ کے جہازوں کی حالیہ تعیناتی دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے نئی راہیں استوار کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔

 



متعللقہ خبریں