براڈ شیٹ نے اشرفیہ کے سارے پول کھول دیے، عمران خان

کرپشن، بد عنوانیاں، خرد برد پاکستان کی ترقی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے

1562641
براڈ شیٹ نے اشرفیہ کے سارے پول کھول دیے، عمران خان

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا کہنا ہے کہ براڈشیٹ کے انکشافات نے ہمارے حکمران اشرافیہ کی بڑے پیمانے پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کو ایک بار پھر  بےنقاب کردیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہا کہ پاناما پیپرز نے پاکستان کے امیرحکمرانوں کو بے نقاب کیا تھا، اشرافیہ نے بعد میں این آر او کا سہارا لیا اور این آر او کی وجہ سے اشرافیہ نے لوٹی ہوئی دولت کو تحفظ فراہم کیا، اشرافیہ نے بیرون ملک میں غیرقانونی اثاثے بنانے کےلیے منی لانڈرنگ کی۔

یہ انکشافات بار بار کیا بیان کر رہے ہیں؟ پہلا یہ کہ جو میں 24 سال سے کرپشن کے خلاف لڑتے ہوئے کہہ رہا ہوں کہ کرپشن پاکستان کی ترقی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، دوسرا یہ کہ یہ اشرافیہ اقتدار میں آکر ملک کو لوٹتی ہے

انہوں نے مزید لکھا کہ تیسرا یہ کہ یہ ناجائز طریقوں سے بنائی گئی دولت کو ملکی اداروں کی گرفت سے بچانے کیلئےمنی لانڈرنگ کےذریعے بیرون ملک منتقل کیاجاتا ہے، جس کے  بعد یہ لوگ  این آر او حاصل کرنے کے لیے سیاسی اثر و رسوخ  کھلم کھلا  استعمال  بھی کرتے ہیں۔

وزیر اعظم کے مطابق یہ انکشافات تو محض ایک جھلک ہے، ہم براڈشیٹ سے اشرافیہ کی منی لانڈرنگ اور تحقیقات رکوانے والوں کے معاملے پر مکمل شفافیت  کے خواہاں ہیں۔

واضح رہے کہ براڈشیٹ ایل ایل سی ایک برطانوی کمپنی ہے جو پرویز مشرف کے دور میں آئل آف مین میں رجسٹرڈ تھی اور اس نے پاکستانیوں کی جانب سے مبینہ طور پر غیرقانونی دولت کے ذریعے بیرون ملک خریدے گئے اثاثوں کا پتا لگانے کے لیے اس وقت کی حکومت اور نئے بننے والے قومی احتساب بیورو (نیب) کی مدد کی تھی۔



متعللقہ خبریں