کورونا وائرس کے خلاف جنگ کرنے والے ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں: وزیراعظم عمران خان

ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال راولپنڈی کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 15 جنوری سے ہمیں اندازہ ہوا کہ چین میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے اور یہ پاکستان بھی آئے گا

1389675
کورونا وائرس کے خلاف جنگ کرنے والے ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ کرنے والے ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے،ڈاکٹرز کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے‘ پاکستان میں یہ وباءدوسرے ممالک کے مقابلہ میں کم پھیلی اور اموات کی شرح بھی بہت کم ہے‘ ماضی میں صحت کے شعبہ کو نظر انداز کیا گیا تاہم اب سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال راولپنڈی کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد ‘مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف عامر محمود کیانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 15 جنوری سے ہمیں اندازہ ہوا کہ چین میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے اور یہ پاکستان بھی آئے گا، اس وقت سے ہم اس کی تیاری کر رہے تھے، ہمیں احساس تھا کہ اس وباءمیں ڈاکٹرز اور طبی عملہ کا فرنٹ لائن کا کردار ہے‘ ہمیں ان کو محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 70سال کے دوران ملک میں صحت کے شعبہ کو نظر انداز کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ 70کی دہائی میں ہمارے شعبہ صحت کی صورتحال بہت بہتر تھی‘ہمارے میڈیکل کالجوں کی ڈگریوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پوری دنیا میں کورونا وائرس کی وجہ سے طبی آلات اور وینٹی لیٹرز کی طلب میں اضافہ ہوا ‘ہماری خوش قسمتی ہے کہ چین نے ہمیں پوری مدد فراہم کی، چینی حکومت نے کورونا وباءکے معاملہ پر پاکستان کو ترجیح دی اور آج بھی جو طبی آلات پاکستان آ رہے ہیں وہ چین سے آ رہے ہیں۔

 وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے کنٹرول اور کمانڈ سینٹر کی ترجیح آئی سی یو اور ایمرجنسی کے اندر کام کرنے والے اسٹاف کو محفوظ کرنا ہے، طبی عملہ کو حفاظتی سازوں سامان فراہم کردیا گیا ہے تاہم جہاں نہیں پہنچا آئندہ چند روز میں فراہم کردیا جائے گا۔ وزراعظم نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ اس وقت دنیا میں طبی عملہ پر دباﺅ بڑھ رہا ہے ‘امریکہ نے کورونا کے لئے کام کرنے والے ہیلتھ ورکرز کے لئے ویزے کھول دیئے ہیں، آج ان کی مانگ ہے کیونکہ وہ فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں۔

 وزیراعظم نے کہا کہ ہم پوری طرح ڈاکٹروں اور طبی عملے کی سپورٹ کریں گے‘ اللہ تعالٰی کا کرم ہے کہ مغربی ممالک کی نسبت ہمارے ملک میں صورتحال مختلف ہے۔ یہاں اموات بھی دنیا کے مقابلے میں انتہائی کم ہیں، ہمارا ڈیٹا آ رہا ہے اسے پراسیس کر رہے ہیں‘ ایک ہفتہ تک ہمیں اس بارے میں صحیح اندازہ ہو جائے گا۔ جو بھی ہوگا میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ یہ قوم اور حکومت آپ کی پشت پرکھڑی ہے۔وزیراعظم نے اس موقع پر ہسپتال کے مختلف شعبوں اور وارڈز کا دورہ کیا اور ہسپتال میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے دستیاب سہولیات کے بارے میں بریفننگ بھی دی گئی۔



متعللقہ خبریں