مصنوعی ذہانت کے شعبہ میں پاکستان اورجاپان کے درمیان تعاون مضبوط کرنے کی ضرورت ہے: صدر عارف علوی

جاپانی ٹی وی نیوز 24(این ٹی وی) کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران صدرمملکت نے کہا کہ میں نے ذاتی کوششوں سے مصنوعی ذہانت کے شعبہ میں تربیتی نظام شروع کیا جس کے تحت دو سال میں ایک لاکھ مصنوعی ذہانت کے ماہرین تیار کیے جائیںگے

1292101
مصنوعی ذہانت کے شعبہ میں پاکستان اورجاپان کے درمیان تعاون مضبوط کرنے کی ضرورت ہے: صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے شعبہ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان تعاون مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کی آدھی سے زیادہ آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جس کے باعث اس شعبہ میں آگے بڑھنے کے بے پناہ امکانات ہیں۔

 جاپانی ٹی وی نیوز 24(این ٹی وی) کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران صدرمملکت نے کہا کہ میں نے ذاتی کوششوں سے مصنوعی ذہانت کے شعبہ میں تربیتی نظام شروع کیا جس کے تحت دو سال میں ایک لاکھ مصنوعی ذہانت کے ماہرین تیار کیے جائیںگے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی حکومت جاپان کی دعوت پر جاپان کے شہنشاہ نارو ہیٹو کی تاج پوشی کی تقریب کے سلسلہ میں جاپان کے دورہ پر ہیں، صدر مملکت نے جاپان کی سافٹ ویئر کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان آ کر سرمایہ کاری کریں۔

 انہوں نے کہا کہ سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس ڈویلپمنٹ میں انہیں بے پناہ پذیرائی مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جاپان کی سرمایہ کاری کے لئے بہت سے شعبے ہیں خاص طور پر سافٹ ویئر کی تیاری میں انہیں بہت زیادہ فائدہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طریقے سے جاپانی کمپنیوں کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے جو ایک بہت بڑی مارکیٹ بھی ہے۔

 بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ وہاں صورتحال انتہائی خراب ہے اور بھارتی قیادت کی طرف سے اختیار کیے گئے حربے اس صورتحال میں مزید بگاڑ کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور وہ مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کا حل چاہتا ہے، پاکستان امن اور مذاکرات چاہتا ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جاپان کی ثقافت اور تاریخ سے بہت لگائو ہے جب کبھی میں جاپان آتا ہوں یا پاکستان میں جاپانی لوگوں سے ملتا ہوں تو مجھے ہمیشہ محبت، شگفتگی، وضع داری اور خوشی کا احساس ہوتا ہے ۔ میں جاپانیوں کے دھیمہ پن اور رکھ رکھائو کو بہت پسند کرتا ہوں۔ تاج پوشی کی تقریب میں شرکت میرے لئے خوشی اور اعزاز کا باعث ہے، یہ یہاں کی پرانی روایت ہے۔

دوسری جانب جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے جو سو سے زائد ممالک کے سربراہان مملکت اور وفود کے میزبان ہیں اور مصروفیات کے باعث بہت زیادہ سربراہان مملکت سے ملاقاتیں کرنے سے قاصر ہیں تاہم صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے جاپانی وزیر اعطم بدھ کے روز خصوصی ملاقات کریں گے، جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور ہر گفتگو ہوگی۔

یہ ملاقات پاکستان اور جاپان کے دوستانہ تعلقات کا مظہر ہوگی جبکہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی جاپانی وزیر اعظم کی جانب سے جاپان کے نئے شہنشاہ کے اعزاز میں منعقد ہونے والی تقریب میں خصوصی طور پر مدعو ہیں۔

صدر پاکستان بدھ کے روز انتہائی مصروف دن گزاریں گے جہاں وہ جاپانی وزیر اعظم کے علاوہ جاپان کی اہم کاروباری تنظیموں کے علاوہ جاپانی پارلیمنٹ کے ارکان سمیت پاکستانی کمیونٹی سے بھی خصوصی خطاب کریں گے۔

صدر مملکت جمعرات کو اپنا دورہ مکمل کرکے واپس پاکستان روانہ ہوجائیں گے۔



متعللقہ خبریں