بھارت کا فریب اور جھوٹ پوری دنیا پر عیاں ہو رہا ہے : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی   نے کہا ہے کہ بھارت آبی جارحیت کی طرف بڑھ رہا ہے، بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی ہریانہ میں تقریر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے، جس کا مناسب جواب بھی دیں گے

1292184
بھارت کا فریب اور جھوٹ پوری دنیا پر عیاں ہو رہا ہے : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

پاکستان  کے وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ  بھارت کا فریب  پوری دنیا پر عیاں ہو رہا ہے   اور اس کی ساکھ دنیا میں متاثر ہو رہی ہے، بھارتی الزام تراشی پر دنیا کو نوٹس لینا چاہیے۔

شاہ محمود  قریشی  نے کہا کہ بھارت خطے کے امن کو داؤ پر لگانا چاہتا ہے، پاکستان نے او آئی سی کو مسئلہ کشمیر پر یکجا کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت آبی جارحیت کی طرف بڑھ رہا ہے، بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی ہریانہ میں تقریر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے، جس کا مناسب جواب بھی دیں گے۔

بھارتی آرمی چیف کادعویٰ تھا 3لانچنگ پیڈز کو نشانہ بنایا، بھارت کا بیانیہ مقبوضہ کشمیرمیں پٹ گیا، فیصلہ کیا گیا سفارتکاروں کو ایل او سی پر لے جایا جائے تاکہ سفارتکار خود جاکر دیکھ لیں کہ صورتحال کیا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی سفارتخانے کو بھی ساتھ چلنے کی دعوت دی، مقصد تھا بھارتی سفارت کار خود اصل صورتحال جان لیں ، بھارتی سفارت کارخود صورتحال جان لیتے تو بھارت کو سمجھانے میں آسانی ہوتی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ بھارت چاہتا ہے مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹ جائے،بھارت بے نقاب ہو رہا ہے،ان کابیانیہ پٹ رہاہے، وہ فالس فلیگ آپریشن کی تلاش میں ہے اور پاکستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کررہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات معمول پر ہونے کا بھارتی بیانہ بھی پٹ گیا ہے، بھارت ہر حربہ استعمال کر رہا ہے، پاک بھارت کشیدگی سے جنوبی ایشیاء ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہے۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ بھارتی آبی جارحیت پر دفترِ خارجہ میں آج اجلاس ہوگا، ہم سوچ سمجھ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی فورسز نے 19 اور 20 اکتوبر کو ایل او سی پر شہری آبادی کو بھاری توپ خانے سے نشانہ بنایا تھا، بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزی میں ایک فوجی جوان سمیت 6 شہری شہید ہوئے تھے۔

اس حوالے سے بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے مبینہ طور پر 3 دہشت گرد کیمپس تباہ کرنے کا جھوٹا دعویٰ کیا تھا، جس پر پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے بھارت کو اپنا دعویٰ سچ ثابت کرنے کا کھلا چیلنج دیا تھا۔

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا بھارت یو این قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر پولیس میں زیادہ تعداد مسلمانوں کی ہے، مقبوضہ کشمیر پولیس سے اسلحہ واپس لے لیا گیا.ان کا کہنا  تھا کہ شملہ معاہدے کے تحت پاکستان بھارت کو مسئلہ کشمیر حل کرنا تھا، مقبوضہ کشمیر میں طرح طرح کی پابندیاں لگا دی گئیں، مقبوضہ کشمیر میں خوراک اور ادویات کی قلت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہر گھر کے سامنے ایک بھارتی فوجی کھڑا ہے،  خطے کی صورتحال بھارت خراب کر رہا ہے۔

 



متعللقہ خبریں