مستعد اور غیر جانبدار سول سروس، حکمرانی کے فعال نظام میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے: صدر عارف علوی

صدر عارف علوی نے یہ بات پیر کو ایوان صدر میں 110ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے اس بات پر زور دیا کہ چیلنجز پر قابو پانے کے بعد پاکستان اب ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے

1166028
مستعد اور غیر جانبدار سول سروس، حکمرانی کے فعال نظام میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے: صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور بہتر اسلوب حکمرانی کے حکومتی ایجنڈہ کی تکمیل کیلئے سول ملازمین کا جذبہ اور لگن بہت اہم ہے، ایک مستعد اور غیر جانبدار سول سروس، حکمرانی کے فعال نظام میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے یہ بات پیر کو ایوان صدر میں 110ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے اس بات پر زور دیا کہ چیلنجز پر قابو پانے کے بعد پاکستان اب ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، ترقی کی رفتار کو مزید تیز کرنے کیلئے ہر فرد بالخصوص سرکاری مشینری کیلئے لازم ہے کہ وہ پورے جوش و جذبہ سے کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مؤثر اور ہمہ جہت احتساب کے ذریعے بدعنوانی کے خاتمہ اور شفاف اسلوب حکمرانی کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پالیسیاں وضع کرتے ہوئے عام آدمی کی سماجی و اقتصادی بہبود کا مقصد پیش نظر ہونا چاہئے۔ انہوں نے اس امر کو اجاگر کیا کہ سینئر سول ملازمین رہنماء اور رجحان ساز ہونے کی بناء پر اس ضمن میں فعال کردار ادا کرنے کے حامل ہیں۔ صدر نے اداروں کے استحکام کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت سول ملازمین کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے پاک ماحول فراہم کرے گی۔

انہوں نے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں امن و امان کی بہتر صورتحال کو ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے بروئے کار لانا چاہئے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاک۔چین اقتصادی راہداری کے ذریعے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے مختلف مواقع پیدا ہو رہے ہیں تاہم ہمیں ان سے بھرپور استفادہ کیلئے حکمت ہائے عملی وضع کرنی چاہئے۔ قبل ازیں ریکٹر این ایس پی پی عظمت علی رانجھا نے صدر مملکت کو نیشنل مینجمنٹ کورس کے مقاصد اور سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔



متعللقہ خبریں