ممبئی کیس میں پیش رفت نہ ہونے کی وجہ بھارتی ہٹ دھرمی اور عدم تعاون ہے: چوہدری نثار

بھارت میں کہ جہاں پھانسی کی سزا سے متعلق کیس سالوں تک التوا میں پڑے رہتے ہیں وہاں ایک انتہائی اہم کیس کے واحد ثبوت کو انتہائی سرعت سے پھانسی دے کر منظر سے ہٹا دیا گیا تاکہ اصلی حقائق کے منظر عام پر آنے کا باب مکمل طور پر بند کر دیا جائے: چوہدری نثار

969681
ممبئی کیس میں پیش رفت نہ ہونے کی وجہ بھارتی ہٹ دھرمی اور عدم تعاون ہے: چوہدری نثار

پاکستان کے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور عدم تعاون کی وجہ سے ممبئی حملہ کیس میں پیش رفت نہیں ہو سکی۔

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے بیان اور اس پر بھارت کی طرف سے ردعمل پر چوہدری نثار نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پوری ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ ممبئی حملوں کے حوالے سے پاکستان  میں چلائے جانے والے کیس میں تعطل اور سست روی پاکستان کی وجہ سے نہیں بلکہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور عدم تعاون کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ بطور وزیر داخلہ میں اس کیس کے تمام مراحل سے مکمل طور پر آگاہ ہوں  اور تمام حالات و واقعات اور کوائف کو سامنے رکھتے ہوئے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ بھارت اس واقعے کی صاف اور شفاف تحقیقات  کا اور واقعے کے منطقی انجام کا خواہش مند  نہیں ہے بلکہ وہ اسے اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنا چاہتا ہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ بھارتی حکومت نے اس واقعے کو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے اور کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ بھارت میں پیش آیا اور اس کے نوّے فیصد شواہد اور حقائق اسی کے پاس تھے۔ ہماری تمام تر کوششوں کے باوجود بھارتی حکومت نے متعلقہ شواہد ہمارے تحقیقاتی ادارے  کے ساتھ شئیر نہیں کئے  اور یہی نہیں بلکہ ہماری عدالتوں کی طرف سے قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی سے تعاون کرنے کے لئے بھی تیار نہیں ہوئی۔

چوہدری نثار نے کہا کہ پہلے مرحلے میں تو اس کمیٹی کو بھارت آنے کی اجازت ہی نہیں دی گئی اور بعد ازاں ان تمام شواہد اور حقائق کو کہ جو ان کے پاس موجود تھے پاکستان کے ساتھ شئیر کرنے سے صاف انکار کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اجمل قصاب کہ جو ممبئی حملوں کا زندہ ثبوت تھا اسے کمال پھرتی کے ساتھ پھانسی گھاٹ پہنچا دیا گیا۔ بھارت حکومت کی اس کیس کی تہہ تک پہنچنے میں عدم دلچسپی کی اس سے بڑی مثال اور کیا ہو سکتی ہے کہ ہماری تحقیقاتی ٹیم کو اس کیس سے منسلک واحد ثبوت سے سوالات کرنے تک کا موقع فراہم نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسے ملک میں کہ جہاں پھانسی کی سزا سے متعلق کیس سالوں تک التوا میں پڑے رہتے ہیں وہاں ایک انتہائی اہم کیس کے واحد ثبوت کو انتہائی سرعت سے پھانسی دے کر منظر  سے ہٹا دیا گیا تاکہ اصلی حقائق کے منظر عام پر آنے کا باب مکمل طور پر بند کر دیا جائے ۔

چوہدری نثار نے کہا کہ ممبئی کیس کو دنیا میں کسی عدالتی یا انصاف کی بنیادوں پر نہیں بلکہ سیاسی بنیادوں  پر پاکستان پر ضرب لگانے کا ذریعہ بنایا گیا۔



متعللقہ خبریں