اسرائیل: جو ہمیں نقصان پہنچائے گا ہم بھی اسے نقصان پہنچائیں گے

جو بھی ہمیں نقصان پہنچائے گا یا پھر نقصان پہنچانے کا پروگرام بنائے گا ہم بھی اسے نقصان پہنچائیں گے: بنیامین نیتان یاہو

2125180
اسرائیل: جو ہمیں نقصان پہنچائے گا ہم بھی اسے نقصان پہنچائیں گے

اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتان یاہو نے ایران اور اس کے حمایتی گروپوں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ "جو بھی ہمیں نقصان پہنچائے گا یا پھر نقصان پہنچانے کا پروگرام بنائے گا ہم بھی اسے نقصان پہنچائیں گے"۔

اسرائیل وزارت اعظمیٰ پریس دفتر کے جاری کردہ بیان کے مطابق نیتان یاہو نے سکیورٹی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کیا۔

خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ ایران سالوں سے براہ راست یا پھر اپنے حمایتیوں کے ذریعے اسرائیل مخالف کاروائیاں کر رہا ہے یہی وجہ ہے کہ اسرائیل ایران اور اس کے حمایتیوں کے خلاف دفاعی و جارحانہ  شکل میں قدم بڑھا رہا ہے۔

نیتان یاہو نے کہا ہے کہ ہم اس سادہ اصول پر عمل کر رہے ہیں کہ جو بھی ہمیں نقصان پہنچائے گا یا نقصان پہنچانے کا منصوبہ بنائے گا ہم بھی اُسے نقصان پہنچائیں گے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے یکم اپریل کو دمشق میں ایرانی سفارت خانے کے احاطے میں واقع قونصل خانے پر فضائی حملہ کیا تھا۔ حملے میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب فورس کے 2 جرنیلوں سمیت کُل 7 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ حملے میں 6 شامی شہری بھی ہلاک ہو گئے تھے۔

ایران نے امریکہ کو اس واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا اور جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ اس حملے کے خلاف فوری جوابی کاروائی کی جائے گی۔

تاہم تل ابیب انتظامیہ نے سرکاری سطح پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی۔

اسرائیلی فوج نے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے بعد جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ فضائی دفاع کو مضبوط کرنے کے لئے تمام اضافی فوجیوں کو  ڈیوٹی پر بُلا لیا جائے گا اور تمام فوجیوں کی چھُٹیاں منسوخ کر دی جائیں گی۔



متعللقہ خبریں