اسیروں کی رہائی تک جنگ بندی نہیں ہوگی:نیتین یاہو

نیتن یاہو نے کہا کہ حماس کی طرف سے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی سے قبل غزہ میں کوئی جنگ بندی یا ایندھن کی ترسیل نہیں ہوگی

2061936
اسیروں کی رہائی تک جنگ بندی نہیں ہوگی:نیتین یاہو

 اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے  کہا ہے کہ اسرائیلی فوج حماس کے خلاف ایک ماہ سے جاری کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے غزہ شہر کو گھیرے میں لے کر اس کے اندر کارروائیاں کر رہی ہے۔

اپنی تقریر میں نیتن یاہو نے کہا کہ حماس کی طرف سے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی سے قبل غزہ میں کوئی جنگ بندی یا ایندھن کی ترسیل نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم حملے جاری رکھیں گے۔

دوسری طرف اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ نے  بھی کہا ہے کہ یرغمالیوں کی واپسی کے بغیر انسانی بنیادوں پر کوئی جنگ بندی نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی افواج اب غزہ شہر کے مرکز میں ہیں، اب اسرائیل حماس کو غزہ میں حکومت کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے بعد غزہ میں نہ اسرائیل اور نہ حماس کوئی بھی حکومت نہیں کرے گا۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے ایک پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ غزہ دہشت گردی کا اڈہ ہے اور غزہ سے ہزاروں شہری خان یونس اور رفح کی طرف نقل مکانی کر چکے ہیں۔

اسرائیلی فوج حماس کو تباہ کر دے گی، انہوں نے شہریوں سے شمالی غزہ سے نکل جانے پر زور دیا۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ ان کی فوج غزہ میں رہائشی علاقوں کے اندر لڑ رہی ہے،غزہ میں حماس کے رہنما یحییٰ سنوار اپنے ٹھکانے میں الگ تھلگ ہوچکے ہیں۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے اصرار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر دباؤ بڑھے گا لیکن ہم حماس کی شکست اور یرغمالیوں کی واپسی سے پہلے لڑائی بند نہیں کریں گے،ساتھ ہی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا حزب اللہ کے ساتھ جنگ چھیڑنے کا کوئی ارادہ نہیں لیکن انہوں نے اپنی تقریر میں ذکر کیا کہ اب تک حزب اللہ کے تقریباً 70 جنگجو مارے گئے ہیں۔

غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 5000 بچوں سمیت 10,328 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔



متعللقہ خبریں