اسرائیلی انتخابات کے غیر سرکاری نتائج، لیکود پارٹی کو سبقت حاصل

خبر کے مطابق، نیتن یاہو کی لیکود پارٹی 33  نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جب کہ  مخالف لیڈر یائر لیپڈ کی جماعت یش عتید 16 پارلیمانی نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے

1607423
اسرائیلی انتخابات کے غیر سرکاری نتائج، لیکود پارٹی کو سبقت حاصل

اسرائیل میں گزشتہ روز ہونے والے انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے  تحت وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کی  لیکود پارٹی کو حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں پر سبقت حاصل ہےتاہم کوئی واحد جماعت واضح اکثریت حاصل نہیں کر پائی ہے۔

خبر کے مطابق، نیتن یاہو کی لیکود پارٹی 33  نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جب کہ  مخالف لیڈر یائر لیپڈ کی جماعت یش عتید 16 پارلیمانی نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔​

اسرائیل میں حکومت سازی کے لیے 120 نشستوں پر مشتمل پارلیمان میں 61 ارکان کی حمایت درکار ہوتی ہے اور اگر کوئی جماعت ایوان میں 61 ارکان کی حمایت حاصل نہ کر سکے تو دوبارہ انتخاب ہوتا ہے۔

گزشتہ دو سالوں کے دوران اسرائیل میں کسی جماعت کی ایوان میں واضح اکثریت نہ ہونے کی بنا پر تین انتخابات ہو چکے ہیں اور  گزشتہ روز  انتخابات کی یہ چوتھی کڑی تھی۔

اگرچہ انتخابات کے حتمی نتائج رواں ہفتے کے آخر تک سامنے آئیں گے تاہم، یہ پیش گوئیاں کی جارہی ہیں کہ نیتن یاہو کی قیادت میں کی جانے والی تیز ترین کووڈ-19 ویکسی نیشن مہم بھی انتخابات میں اُن کی فتح کے لیے کافی ثابت نہ ہوسکی۔

نتائج بتا رہے ہیں کہ  انتخابات میں وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے لیے اقتدار برقرار رکھنے کے امکانات غیر یقینی کا شکار ہیں اور واضح پارلیمانی اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے اگر سیاسی جماعتوں میں اختلاف پیدا ہوا تو اسرائیل کو پانچویں انتخباات کی جانب جانا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے 1948 میں قیام کے بعد سے کبھی بھی کوئی ایک جماعت سادہ اکثریت حاصل کر کے حکومت نہیں بنا سکی ہے اور مختلف جماعتوں کے اتحاد حکومت بناتے رہے ہیں۔



متعللقہ خبریں