امریکی میری ٹائم انتظامیہ نے آبنائے ہرمز میں غیر ملکی بحری جہازوں کے لیے اصول وضع کردیے

میمو میں کہا گیا ہے کہ امریکی پرچم بردار تجارتی بحری جہازوں پر لازم ہے کہ وہ آبنائے ہرمز اور خلیج عربی میں اپنے رکنے کے پوائنٹس امریکا اور برطانیہ کے میری ٹائم حکام کو ارسال کریں

1250138
امریکی میری ٹائم انتظامیہ نے  آبنائے ہرمز میں غیر ملکی بحری جہازوں کے لیے اصول وضع کردیے

امریکی میری ٹائم انتظامیہ کی جانب سے ایرانی خطرات کے حوالے سے ایک رہ نما میمو جاری کیا گیا ہے۔

 میمو میں کہا گیا ہے کہ امریکی پرچم بردار تجارتی بحری جہازوں پر لازم ہے کہ وہ آبنائے ہرمز اور خلیج عربی میں اپنے رکنے کے پوائنٹس امریکا اور برطانیہ کے میری ٹائم حکام کو ارسال کریں۔

بدھ کے روز جاری میمو میں واضح کیا گیا ہے کہ "خطے میں بڑھتی ہوئی عسکری سرگرمیاں اور سیاسی کشیدگیاں ابھی تک تجارتی جہازوں کے لیے سنگین خطرہ ہیں"۔

میمو میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی بھی حادثے یا مشکوک سرگرمی کی صورت میں جہازوں پر لازم ہے کہ وہ امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے اور مملکت متحدہ میں میری ٹائم بزنس آپریشنز کو منتبہ کریں۔ جہازوں کے عملے کو چاہیے کہ چڑھائی کرنے والے کسی بھی ایرانی فریق کے خلاف مزاحمت نہ کریں۔

برطانیہ کی شمولیت

ادھر برطانیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کے تحفظ کے لیے "نئے بین الاقوامی سمندری سیکورٹی مشن" میں امریکا کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

اس سے قبل برطانوی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ مغرب اور ایران کے بیچ کشیدگی کا محور بن جانے والی آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کے ہمراہ رہنے کے لیے برطانوی شاہی بحریہ کے جہاز امریکی بحریہ کے شانہ بشانہ کام کریں گے۔

یورپی ممالک کی جانب سے مخالفت کے اظہار کے باوجود امریکا نے اپنے حلیف ممالک سے بحری مشن میں شریک ہونے کا مطالبہ کیا تھا تا کہ آبنائے ہرمز میں سمندری نقل و حمل کے روٹ کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

گذشتہ ماہ ایک برطانوی تیل بردار جہاز پر ایرانی پاسداران انقلاب کے قبضے کے بعد برطانیہ اپنے پرچم بردار جہازوں کو تجارتی جہازوں کے ہمراہ کر دینے پر مجبور ہو گیا۔



متعللقہ خبریں