ترکیہ کے اخبارات سے جھلکیاں۔ 30.04.2024

آج کے ملکی اخبارات سے چیدہ چیدہ سرخیاں اور خبریں

2133771
ترکیہ کے اخبارات سے جھلکیاں۔ 30.04.2024

آج کے ملکی اخبارات سے چیدہ چیدہ  خبروں کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔

 

۔۔۔ "اَربن تجدید ترکیہ کی مجبوری بن گئی ہے"  یہ سرخی ہے روزنامہ صباح کی ۔اخبار لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے ترکیہ محکمہ آفات و ہنگامی حالات'  AFAD  'کے مرکزی دفتر میں منعقدہ تقریب  میں شرکت کی اور تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ "ترکیہ کی آبادی کا 71 فیصد ایسے علاقوں میں مقیم ہے جو فالٹ لائن پر واقع ہیں۔ لہٰذا  شہری تعمیراتی ڈھانچے میں تبدیلی  کرنا اور اسے زلزلوں کے مقابل پائیدار بنانا ترکیہ کی ضرورت نہیں مجبوری بن گیا ہے۔

 

۔۔۔ روزنامہ حریت  " عراق کے شمال میں MIT آپریشن" کی سرخی  سے لکھتا  ہے کہ عراق کے شمالی علاقے ہاکرک   میں ترکیہ خفیہ ایجنسی MIT کے حالیہ آپریشنوں میں علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم PKK/YPG کے نام نہاد سرغناوں سمیت 15 دہشت گرد غیر فعال کر دیئے گئے ہیں۔

 

۔۔۔ روزنامہ ینی شفق نے اپنی خبر پر " بائراکتار کی طرف سے قدرتی گیس کی نوید" کی سرخی لگائی ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ وزیر توانائی و قدرتی  وسائل آلپ ارسلان بائراکتار نے کہا ہے کہ ضلع سقاریہ کا گیس فیلڈ  یومیہ 4،5 ملین مکعب میٹر قدرتی گیس کی پیداوار دے رہا ہے اور یہ گیس 1،8 ملین خانوں کی ضروریات  پوری کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

 

۔۔۔ روزنامہ اسٹار  "ترکیہ کی طرف مضبوط مالی وسائل کا بہاو" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ وزیر خزانہ مہمت شیمشک نے کہا ہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک گروپ،    2024 سے 2026 کے ملکی اسٹریٹجی پروگرام  کے دائرہ کار میں، ترکیہ کو 6،3 بلین ڈالر  کا مالی تعاون فراہم کرے گا۔ شیمشک نے کہا ہے کہ ہمارے شروع کئے گئے  ترقیاتی پروگرام  کے طفیل بیرونی وسائل نہ صرف ترکیہ  میں داخل ہو رہے ہیں بلکہ ان میں بتدریج اضافہ بھی ہو رہا ہے۔

 

۔۔۔ اور آخر میں روزنامہ وطن کی خبر  آپ کی نذر کرتے ہیں۔ اخبار، "THY افغانستان کے لئے پروازیں دوبارہ شروع کر رہی ہے" کی سرخی سے، لکھتا ہے کہ ٹرکش ایئر لائنز THY نے 2021 سے افغانستان کے لئے بند پروازوں کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 21 مئی سے افغانستان کے دارالحکومت کابل کے لئے دوبارہ سے پروازیں شروع ہو رہی ہیں۔ پروازیں استنبول سے کابل کے لئے ہوں گی اور ہفتے میں 4 دن کی جائیں گی۔



متعللقہ خبریں