ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں ۔ 08.04.2021

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں ۔ 08.04.2021

1617211
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں ۔ 08.04.2021

*** روزنامہ ینی شفق: " یوکرائن کے صدر زلنسکی ترکی کے دورے پر آ رہے ہیں" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ یوکرائن۔روس سرحد پر کشیدگی جاری ہے اور اس دوران یوکرائن کے صدر ولودیمر زلنسکی 10 اپریل کو ترکی کے دورے پر تشریف لا رہے ہیں۔یہ دورہ اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے دائرہ کار میں کیا جائے گا اور زلنسکی صدر رجب طیب ایردوان کے ساتھ ملاقات کریں گے۔

 

*** روزنامہ حریت: " وزیر خزانہ ایلوان نے جی۔20 وزراء  اجلاس میں شرکت کی" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ وزیر خزانہ لطفی ایلوان نے کہا ہے کہ" ہم نے جی۔20 وزراء اجلاس میں شرکت کی، گلوبل اقتصادی بحالی میں ترقی پذیر ممالک کی طاقت کے بارے میں بات کی اور پسماندہ ممالک کے ساتھ تعاون کے لئے ٹھوس فیصلے کئے ہیں"۔

 

*** روزنامہ اسٹار : " ترکی کی گاڑی ٹیسلا، وولکس ویگن اور دیگر رقیبوں کی ہم پلّہ ہو گی" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ جرمن روزنامے فرینکفرٹ الگمائنے زیتنگ میں شائع خبر میں کہا گیا ہے کہ ترکی کے آٹو موبیل انٹرپرائزر گروپ TOGG کی تیار کردہ الیکٹرک گاڑی ایک چارجنگ سے 500 کلو میٹر طے کرنے اور ڈیجیٹل ہونے کی ضمانت کے ساتھ ٹیسلا، وولکس ویگن اور دیگر تمام باصلاحیت رقیبوں کے لئے ایک چیلنج ہو گی"۔

 

*** روزنامہ وطن: " وزیر رسل و رسائل نے اعلان کر دیا: ماہِ مئی کا پہلا ہفتہ" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ وزیر رسل و رسائل و انفرااسٹرکچر عادل قارااسماعیل اولو نے کہا ہے کہ ترک سیٹ 5A مئی کے پہلے ہفتے میں 31 درجے مشرقی مدار میں پہنچ جائے گا۔ ترک سیٹ 5B سیٹلائٹ کو بھی ہم رواں سال کی چوتھی تہائی میں خلاء میں بھیج دیں گے۔

 

*** روزنامہ صباح: " رواں سال کے پہلے 3 ماہ میں 18 ملین مسافروں کو خدمات فراہم کی گئیں" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ ترکی کے ائیر پورٹ  کورونا وائرس کے خلاف تمام ضروری تدابیر  کے ساتھ خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ رواں سال کے پہلے تین ماہ کے دوران ترکی کے ائیر پورٹوں نے 18 ملین مسافروں کی میزبانی کی اور کُل 2 لاکھ 38 ہزار 448 پروازیں کیں۔



متعللقہ خبریں