چین: اولمپکس کے بائیکاٹ کے باوجود امریکہ ویزوں کے لئے درخواستیں دے رہا ہے

ہم امریکہ سے ایک دفعہ پھر اپیل کرتے ہیں کہ وہ اولمپکس کی روح کے مطابق قدم اٹھائے، کھیل کو سیاسی بنانے سے اجتناب کرے: کاو لیجئین

1753598
چین: اولمپکس کے بائیکاٹ کے باوجود امریکہ ویزوں کے لئے درخواستیں دے رہا ہے

چین نے کہا ہے کہ امریکہ نے 2022 بیجنگ موسمِ سرما اولمپکس کے بائیکاٹ کا اعلان کرنے کے باوجود 18 سرکاری ملازمین کے لئے ویزے کی درخواست دی ہے۔

چین وزارت خارجہ کے ترجمان کاو لیجئین نے کہا ہے کہ ویزے کی درخواستیں ہم تک پہنچ گئی ہیں۔ ان درخواستوں پر بین الاقوامی طریقوں، متعلقہ اصول و قواعد اور سفارتی روابط سے ہم آہنگ شکل میں کاروائی کی جائے گی۔

روزنامہ ساوتھ چائنہ مارننگ پوسٹ نے گذشتہ ہفتے کی خبر میں کہا تھا کہ امریکہ نے "سکیورٹی تعاون آپریشنوں" میں ڈیوٹی کے لئے، وزارت خارجہ کے درمیانی اور نچلی سطح کے، 18 ملازمین کے لئے ویزے کی درخواست دی ہے۔

خبر میں کہا گیا تھا کہ مزید 40 ملازمین کے لئے ویزے کی درخواستیں متوقع ہیں۔

ترجمان کاو نے کہا ہے کہ امریکہ نے موسمِ سرما اولمپکس میں مدعو نہ ہونے کے باوجود سرکاری اور ڈپلومیٹک وفد نہ بھیجنے کا اعلان کر کے سیاسی رکھ رکھاو سے متعلق ایک کامیڈی ڈرامہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم امریکہ سے ایک دفعہ پھر اپیل کرتے ہیں کہ وہ اولمپکس کی روح کے مطابق قدم اٹھائے، کھیل کو سیاسی بنانے سے اجتناب کرے اور بیجنگ موسمِ سرما اولمپکس کی بیخ کنی کے حامل غلط بیانات اور اقدامات سے باز آ جائے۔

واضح رہے کہ بیجنگ موسمِ سرما اولمپکس کھیل 4 تا 20 فروری کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقد ہوں گے۔



متعللقہ خبریں