عورتیں اپنے شوہر کا انتخاب کر سکیں گی اور میراث کی حقدار ہوں گی: طالبان

عورت کسی کی ملکیت نہیں ہے ۔ اصیل اور آزاد انسان ہے۔ کوئی بھی انہیں صلح صفائی کے نام پر کسی دوسرے کے حوالے نہیں کر سکتا: مُلّا ہیبت  اللہ آخوند زادے

1742767
عورتیں اپنے شوہر کا انتخاب کر سکیں گی اور میراث کی حقدار ہوں گی: طالبان

طالبان لیڈر مُلّا ہیبت  اللہ آخوند زادے نے کہا ہے کہ "عورتیں اپنے شوہر کا انتخاب کر سکیں گی اور میراث کی حقدار  ہوں گی"۔

طالبان  کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے شخصی ٹویٹر پیج سے ،شادی اور میراث کے معاملات میں عورتوں کے حقوق سے متعلق، آخوند زادے کے جاری کردہ  6 شقوں پر مبنی قرار نامے کو شئیر کیا ہے۔

قرار نامے کی پہلی شق میں کہا گیا ہے کہ بالغ لڑکیوں کی شادی سے قبل ان کی مرضی کا جاننا ضروری ہو گا اور کوئی بھی عورتوں کو شادی پر مجبور نہیں کر سکے گا۔

دوسری شق میں کہا گیا ہے کہ " عورت کسی کی ملکیت نہیں ہے ۔ اصیل اور آزاد انسان ہے۔ کوئی بھی انہیں صلح صفائی کے نام پر کسی دوسرے کے حوالے نہیں کر سکتا"۔

تیسری شق میں کہا گیا ہے کہ شوہر کی وفات کے بعد عدت کی مدت پوری ہونے کے بعد  شوہر کا بھائی یا کوئی رشتہ دار اس بیوہ عورت کو شادی پر مجبور نہیں کر سکے گا۔ بیوہ کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہو گا۔

چوتھی شق میں کہا گیا ہے کہ مہر وصول کرنا یا معاف کرنا عورت کی رضا پر منحصر ہو گا۔

پانچویں شق میں کہا گیا ہے کہ عورت اپنے مرحوم شوہر یا باپ کی میراث میں حصے کی حقدار ہو گی۔ کوئی بھی اسے اس حق سے محروم نہیں کر سکے گا۔

چھٹی شق میں ایک سے زیادہ بیویوں والے افراد  سے بیویوں کو مساوی حقوق دینے  اور تفریق سے پرہیز کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

آخوند زادے نےحکومتی اداروں، دینی شخصیات اور قبائلی سرداروں کو،  قرارنامے میں درج حقوق  کے بلا کم و کاست اطلاق کے لئے، ضروری اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔



متعللقہ خبریں