چین نے ملکی تعمیر نو کے لیے تعاون پیش کرنے کا کہا ہے:طالبان

طالبان ترجمان نے کہا کہ ہمیں چین  سے ملک کی تعمیر نو کے لیے تعاون  اور سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کی ہے

1701527
چین نے ملکی تعمیر نو کے لیے تعاون پیش کرنے کا کہا ہے:طالبان

چین نے افغانستان میں قیامِ امن اور تعمیرِ نو کے لیے طالبان کو مشروط مدد کی پیشکش کی ہے۔ 

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اطالوی اخبار لا ریپبلیکا سے گفتگو کے دوران اس بات کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہمیں چین  سے ملک کی تعمیر نو کے لیے تعاون  اور سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کی ہے۔

ترجمان نے حکومت اٹلی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کی حکومت کو تسلیم کریں جکہ کابل ہوائی اڈے کو کھولنے  سے متعلق بتایا کہ وہ ہمارے کنٹرول میں  ہے مگر اسے کافی نقصان پہنچ چکا ہے جس کی  سرگرمیوں کو بحال کرنے کے لیے ترکی اور قطر دلچسپی رکھتے ہیں۔

 دوسری جانب چین کی وزارتِ خارجہ نے  بھی کہا ہے کہ اگر طالبان شراکت داری پر مبنی حکومت قائم کرتے ہیں اور دہشت گرد جماعتوں سے دوری اختیار کرتے ہیں تو اس صورت میں افغانستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور مدد کریں گے۔

چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان وینگ وین بِن نے طالبان پر دہشت جماعتوں سے رابطے منقطع کرنے پر ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسی حکومت کو خوش آمدید کہیں گے جس میں تمام طبقوں کی نمائندگی ہو۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ چین کو امید ہے کہ طالبان افغانستان میں تمام فریق افغان عوام کی خواہشات اور عالمی برادری کی توقعات کا احترام کریں گے اور سب کے لیے قابل قبول معتدل پالیسیاں بنائیں گے۔

طالبان کی حکومت تسلیم کرنے کے حوالے سے چینی ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت کے اعلان کے بعد ہی اس کا فیصلہ کیا جائے گا اور یہ اس بات پر بھی منحصر ہے کہ حکومت کے خدوخال کیا ہوتے ہیں۔

 واضح رہے کہ قطر میں موجود طالبان کے مذاکراتی وفد کے سربراہ شیر عباس ستاکزئی نے کہا ہے کہ آئندہ 3 روز میں حکومت کا اعلان کردیا جائے گا جس میں خواتین کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔



متعللقہ خبریں