دوحہ میں پاکستان، روس، چین اور امریکہ کے نمائندوں کا افغانستان اجلاس

چاروں ممالک کی جانب سے افغانستان میں دیرپا، منصفانہ امن اور جنگ کے خاتمہ کے افغان عوام کے مطالبہ کی حمایت

1631956
دوحہ میں پاکستان، روس، چین اور امریکہ کے نمائندوں کا افغانستان اجلاس

دوحہ میں افغان مسئلہ کے پر امن حل کے حوالے سے پاکستان، امریکہ، روس اور چین کے نمائندوں کا دوحہ میں اجلاس ہوا، جس میں انٹرا افغان مذاکرات کی حمایت کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چاروں ممالک کے نمائندوں نے افغان طالبان کی ٹیم اور قطر کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔ مذاکرات کے اختتام پر جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چاروں ممالک افغانستان میں دیرپا، منصفانہ امن اور جنگ کے خاتمہ کے افغان عوام کے مطالبہ کی حمایت کرتے ہیں۔

پاکستان، امریکہ، روس اور چین نے افغانستان سے بیرونی افواج کے انخلا کے دوران امن برقرار رکھنے، مسئلے کے دیرپا حل کیلئے افغان حکومت اور مصالحتی اعلی کونسل کے طالبان سے کھلے عام مذاکرات اور ان میں پیشرفت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں کسی زبردستی کی حکومت کی حمایت ہرگز نہیں کرتے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے مسئلہ کا کوئی عسکری حل ممکن نہیں بلکہ صرف افغانوں کے مابین سیاسی مذاکرات ہی واحد حل ہے، امریکہ اور نیٹو کے یکم مئی سے 11 ستمبر 2021 تک مکمل فوجی انخلا کا فیصلہ نوٹ کیا ہے، غیر ملکی افواج کے انخلا سے پر امن ٹرانزیشن ہونی چاہئیے، انخلا کے دوران امن عمل کو متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

چاروں ممالک کے اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ افغانستان میں تصادم ختم کیے جائیں  اور بین الاقوامی افواج کی حفاظت یقینی بنائی جائے، طالبان انسداد دہشتگردی کے اپنے وعدے پورے کریں، دوسرے ممالک کی سلامتی کو افغان سرزمین سے نقصان نہیں پہنچنا چاہئے، طالبان کسی بھی گروپ کو دہشتگرد کاروائیوں، تربیت، بھرتی اور فنڈز اکٹھا کرنے سے روکیں گے، توقع ہے کہ افغان حکومت بھی انسداد دہشت گردی کیلئے بین الاقوامی کوششوں کا ساتھ دے گی۔



متعللقہ خبریں