"بافٹا ایوارڈز"آل کوائیٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ نے میدان مار لیا

آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ کو بہترین فلم، بہترین ایڈاپٹڈ اسکرین پلے، بہترین نان انگلش فلم، بہترین ہدایت کار، بہترین سینماٹوگرافی، بہترین ساؤنڈ اور اوریجنل اسکور کی کیٹیگریز میں ایوارڈز سے نوازا گیا

1948624
"بافٹا  ایوارڈز"آل کوائیٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ نے میدان مار لیا

 نیٹ فلکس کی فلم آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ نے برٹش اکیڈمی فلم ایوارڈز بافٹا کی سات مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈز جیت کر مقابلے میں شامل تمام فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

گزشتہ  روز لندن کے رائل فیسٹ ہال میں بافٹا کی  چھیئتر ویں سالانہ تقریب کے دوران سال کی بہترین فلموں، اداکاروں و ہدایت کار سمیت 25 مختلف کیٹیگریز کے لیے فاتحین کا اعلان کیا گیا۔

آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ کو بہترین فلم، بہترین ایڈاپٹڈ اسکرین پلے، بہترین نان انگلش فلم، بہترین ہدایت کار، بہترین سینماٹوگرافی، بہترین ساؤنڈ اور اوریجنل اسکور کی کیٹیگریز میں ایوارڈز سے نوازا گیا۔

جرمن مصنف ایرک ماریا ریمارک کے 1928 کے ناول پر مبنی اس فلم میں پہلی جنگِ عظیم کے دوران پیش آنے والے تنازعات کی داستان بیان کی گئی ہے۔

فلم کو 'بافٹا' ایوارڈز کے لیے 14 نامزدگیاں ملی تھیں البتہ سات کیٹیگریز میں ایوارڈز جیتنے کے بعد یہ فلم نگری کے سب سے معتبر ایوارڈز آسکرزکی دوڑ میں بھی کامیابیاں سمیٹنے کے لیے تیار ہے۔

آسکرز کے فاتحین کا اعلان آئندہ ماہ ہو گا۔ اس سے قبل ہونے والے ایوارڈز جیتنے والی فلموں سے اندازہ لگایا جاتا ہے کہ کون کون سی فلمیں اور فن کار سب سے بڑے ایوارڈز کی ریس میں ہیں۔

بافٹا ایوارڈز کی نمایاں کیٹیگریز میں 'آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ' کا راج رہا ہے۔یہاں بعض کیٹیگریز کی تفصیل دی جا رہی ہے۔

بہترین برطانوی فلم کا ایوارڈ دی بینشیز آف انیشیرن کے نام رہا

بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ فلم 'آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ' کے لیے ایڈورڈ برجر کے نام رہا ہے۔

بافٹا 2023 کے لیے بہترین اداکارہ فلم ٹارکے لیے کیٹ بلینچٹ قرار پائیں۔

بہترین اداکار کا ایوارڈ فلم ایلوس کے لیے آسٹن بٹلر کے نام رہا۔

بہترین  ماخوذ  کہانی کے لیے فلم 'آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ' ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہی۔

فلم 'آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ' نے بہترین نان انگلش فلم کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا ہے۔

فلم 'آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ' اوریجنل اسکور کی کیٹیگری میں بھی ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہی



متعللقہ خبریں