گولڈن گلوب ایوارڈز کے فاتحین کا اعلان
اکیڈمی ایوارڈز کے بعد شوبز کی دنیا کے دوسرے بڑے انعام سمجھے جانے والے 'گولڈن گلوب ایوارڈز 2022' کا اعلان ہو گیا ہے۔ لیکن اس بار نہ تو کوئی ریڈ کارپٹ ہوا، نہ ہی کوئی تقریب ٹیلی کاسٹ ہوئی
ہالی ووڈ فارن پریس ایسوسی ایشن کی جانب سے اس سال 79ویں بار منعقد کیے جانے والے گولڈن گلوب ایوارڈز کے فاتحین کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اکیڈمی ایوارڈز کے بعد شوبز کی دنیا کے دوسرے بڑے انعام سمجھے جانے والے 'گولڈن گلوب ایوارڈز 2022' کا اعلان ہو گیا ہے۔ لیکن اس بار نہ تو کوئی ریڈ کارپٹ ہوا، نہ ہی کوئی تقریب ٹیلی کاسٹ ہوئی ۔
ویسے تو فلم کیٹیگری میں 'دی پاور آف دی ڈوگ' جب کہ ٹی وی کیٹیگری میں 'سکسیشن' اور 'ہیکس' نے سب سے زیادہ ایوارڈ جیت کر میلہ لوٹ لیا۔ لیکن حاضرین کی غیر موجودگی اور شوبز کمیونٹی کی عدم دلچسپی نے 79ویں گولڈن گلوب ایوارڈز کو بے رنگ کر دیا۔
ایوارڈز کے حق دار کا انتخاب کرنے والی ہالی وڈ فارن پریس ایسوسی ایشن (ایچ ایف پی اے) نے اتوار کی شب سوشل میڈیا کے ذریعے فاتحین کا اعلان کیا۔
رواں برس مئی میں گولڈن گلوب ایوارڈز کے نشریاتی پارٹنر اور امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک 'این بی سی' نے 2022 کی تقریب نشر کرنے سے انکار کیا تھا۔
این بی سی کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا تھا جب ایوارڈ کے حق دار کا انتخاب کرنے والی ہالی وڈ فارن پریس ایسوسی ایشن (ایچ ایف پی اے) کو ایک بھی سیاہ فام رکن نہ ہونے پر تنقید کا سامنا تھا۔
تنازع کے باعث اتوار کو گولڈن گلوب 2022 کے فاتحین کا اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے ہی کیا گیا۔
ٹیلی ویژن سیریز میں بہترین اداکار کے فاتح سکسیشن کے لیے جیرمے اسٹرونگ قرار پائے۔
اس کیٹیگری میں ان کے ساتھ اداکار برائن کاکس، لی جونگ جے، بلی پورٹ اور اومر سی نامزد تھے۔
ٹیلی ویژن سیریز کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ایم جے روڈریگز نے سیریز 'پوز' کے لیے اپنے نام کیا۔
اس کیٹیگری میں ان کے ساتھ اداکارہ ایزو اڈوبا، جینیفر اینسٹن، کریسٹن برینسکی اور الیزبتھ موس نامزد تھیں۔
اداکارہ آریانہ ڈیبوس فلم ویسٹ سائیڈ اسٹوری کے لیے بہترین معاون اداکارہ قرار پائی ہیں۔
اس کیٹیگری میں ان کے مدِ مقابل اداکارہ کیٹرینہ بالف، کیرسٹن ڈنسٹ، آنجنو ایلس اور روتھ نیگا تھیں۔
کوڈی اسمتھ میک فی کو فلم 'دی پاور آف دی ڈوگ' کے لیے بہترین معاون اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان کے ساتھ اداکار بین ایفلک، جیمی ڈورنین، کیرون ہائنڈز اور ٹروئی کوٹسر نامزد تھے۔بہترین اینی میٹڈ فلم کا ایوارڈ 'انکانٹو' کے نام رہا۔ اس کیٹیگری میں فلم فلی، لوکا، مائی سنی ماد اور رایا اینڈ دی لاسٹ ڈریگن نامزد تھیں۔
گولڈن گلوب 2022 کے لیے بہترین موشن پکچر کا ایوارڈ فلم 'دی پاور آف دی ڈوگ' کے نام رہا۔
اس کیٹیگری میں فلم بیل فاسٹ، کوڈا، ڈیون اور کنگ رچررڈ نامزد تھی۔
بہترین ٹیلی وژن سیریز کی فاتح 'سکسیشن' قرار پائی ہے۔ اس کیٹیگری میں لوپن، دی مارننگ شو، پوسٹ اور اسکوئڈ گیم نامزد تھی۔
علاوہ ازیں فلم ایوارڈز میں بہترین اداکار (ڈرامہ) کی کیٹیگری میں سیاہ فام امریکی اداکار ول اسمتھ کو 'کنگ رچرڈ' کو جاندار اداکاری پر ایوارڈ ملا۔ جب کہ 'بینگ دی ریکارڈوز' کے لیے نکول کڈمین نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کیا۔
میوزیکل یا کامیڈی فلم میں بہترین اداکاری کا ایوارڈ اینڈریو گارفیلڈ کو 'ٹک ٹک بوم ' اور 'ویسٹ سائڈ اسٹوری' میں شاندار اداکاری پر ریچل زیگلر کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔
ٹیلی وژن شو 'سکسیشن' کے لیے اداکارہ سارا اسنوک بہترین معاون اداکارہ (ڈرامہ) قرار پائیں جب کہ اوہ یونگ سو نے 'اسکوئڈ گیم' کے لیے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
میوزیکل اور کامیڈی سیریز کا ایوارڈ 'ہیکس' نے اپنےنام کیا۔ اسی سیریز کے لیے جین اسمارٹ بہترین اداکارہ قرار پائیں جب کہ 'ٹید لیسو' کے لیے جیسن سوڈیکس نے بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتا
اسٹیون اسپیل برگ کی فلم 'ویسٹ سائڈ اسٹوری' کو بہترین میوزیکل یا کامیڈی فلم قرار دیا گیا جب کہ جین کیمپئین کو 'دی پاور آف دی ڈوگ' پر بہترین ہدایت کارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔
گولڈن گلوب 2022 میں فلم 'بیل فاسٹ' کا اسکرین پلے بہترین قرار پایا جب کہ جاپانی فلم 'ڈرائیو مائی کار' کو بہترین غیر ملکی فلم کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ہینس زِمر نے فلم 'ڈیون' کے لیے اوریجنل اسکور کا ایوارڈ جیتا جب کہ جیمز بونڈ کی فلم 'نو ٹائم ٹو ڈائی' کا ٹائٹل ٹریک سال کا بہترین ٹریک قرار پایا۔
متعللقہ خبریں
دبئی میں 24 قیراط طلائی بینک نوٹوں کا اجرا
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں 0٫1 گرام وزنی 24 قیراط سونے کا بینک نوٹ جاری کیا گیا ہے