چلّی میں جنگلاتی آگ کے نتیجے میں 51 افراد ہلاک

حالات کو مدّنظر رکھتے ہوئے اموات کی تعداد میں مزید اضافے کا خطرہ محسوس کیا جا رہا ہے: صدر گیبریل بورس

2097234
چلّی میں جنگلاتی آگ کے نتیجے میں 51 افراد ہلاک

جنوبی امریکہ کے ملک چلّی کے وسطی اور جنوبی حصّوں میں جنگلاتی آگ کے نتیجے میں 51 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

سی این این کی خبر کے مطابق چلی کے صدر گیبریل بورس نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ حالات کو مدّنظر رکھتے ہوئے اموات کی تعداد میں مزید اضافے کا خطرہ محسوس کیا جا رہا ہے۔

بورس نے کہا ہے کہ آگ سے متاثرہ علاقوں میں فوجی یونٹیں متعین کی جائیں گی اور وہ تمام وسائل چوکس کر دیئے جائیں گے جن کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔

وزیر داخلہ کیرولینا توہا نے بھی کہا ہے کہ فائر بریگیڈ ٹیموں نے تقریبا 40 مقامات پر آگ پر قابو پا لیا ہے اور 29 مقامات پر ابھی کوششیں جاری ہیں۔

چلّی کے حکام کے مطابق والپارائیسو اور مارگا مارگا  کے علاقوں میں آگ  بدستور جاری ہے اور آگ کی وجہ سے 51 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ والپارائسو میں 1100 مکانات آگ سے متاثر ہوئے ہیں اور علاقے سے  تقریباً 20 کلومیٹر دُور واقع  پینیولاس قدرتی پارک بھی آگ کی لپیٹ میں آ گیا ہے۔

چلّی محکمہ آفات نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ تیز رفتار ہوا کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل رہی ہے اور بعض قصبوں سے انخلاء کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

صدر بورس نے بھی سوشل میڈیا ایکس سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ  "جنگلاتی آگ کی وجہ سے ملک میں ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا گیا ہے"۔

وزیر داخلہ توہا نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "ہمارے خیال میں بعض مقامات پر قصداً آگ لگائی گئی ہے"۔



متعللقہ خبریں