جاسوس سیارہ تیار کر لیا ہے،جلد ہی خلا میں چھوڑیں گے: کم جونگ ان

کم جونگ ان  نے منگل کو ہدایات دیں کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ فوجی جاسوسی سیارے نمبر ایک، جو اپریل تک تیار کر لیا گیا تھااسے طے شدہ تاریخ کے مطابق لانچ کیا جائے

1977169
جاسوس سیارہ تیار کر لیا ہے،جلد ہی خلا میں چھوڑیں گے: کم جونگ ان

شمالی کوریا  کے سربراہ کم جونگ ان نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے اپنا پہلا فوجی جاسوس سیارہ تیار کر لیا ہے جسے لانچ کرنے کی انہوں نے منظوری دے دی ہے۔

خبر کے مطابق یہ پیش رفت شمالی کوریا کی جانب سے نئے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کی آزمائش کے تقریباً ایک ہفتے بعد سامنے آئی ہے۔

 یہ میزائل شمالی کوریا کے ممنوعہ ہتھیاروں کے پروگراموں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بین البراعظمی میزائلوں  کی تیاری اور اس کے بعد جاسوس سیٹلائٹ کو خلا میں بھیجنا ٹیکنالوجی کے اعتبار سے اہم بات ہے۔

شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کے سی این اےنے رپورٹ کیا کہ کم جونگ ان  نے منگل کو ہدایات دیں کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ فوجی جاسوسی سیارے نمبر ایک، جو اپریل تک تیار کر لیا گیا تھااسے طے شدہ تاریخ کے مطابق لانچ کیا جائے۔

منگل کو شمالی کوریا کی خلائی ایجنسی  کے دورے کے دوران کم جونگ ان نے عملے پر مختلف مداروں میں یکے بعد دیگرے سیٹلائٹ بھیج کر مصنوعی سیارے کے ذریعے خفیہ معلومات حاصل کرنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔

سال 2021 میں کم جونگ ان کی طرف سے بیان کردہ کلیدی دفاعی منصوبوں میں سے ایک فوجی جاسوسی  سیارہ  تیار کرنا بھی تھا۔

شمالی کورین سربراہ نے منگل کو کہا کہ جاسوسی کی اس ٹیکنالوجی کو حاصل کرنا ایک ناگزیر طور پر پورا کیا جانے والا بنیادی کام تھا کیوں کہ جنوبی کوریا کی طرف سے خطرے اور جارحیت کا سامنا ہے۔

دسمبر 2022 میں شمالی کوریا نے کہا تھا کہ اس نے جاسوس سیٹلائٹ کی تیاری میں اہم آخری مرحلے کا تجربہ کیا ہے اور اپریل 2023 تک جاسوس سیٹلائٹ تیاری کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔



متعللقہ خبریں