میکسیکو میں اغوا کئے گئے 4 امریکیوں میں سے 2 مردہ حالت میں ملے ہیں

ہمارے شہریوں پر حملے خواہ کہیں پر اور کیسی ہی شرائط کے تحت کیوں نہ ہوں ناقابل قبول ہیں: جان کِربی

1956488
میکسیکو میں اغوا کئے گئے 4 امریکیوں میں سے 2 مردہ حالت میں ملے ہیں

میکسیکو کے صوبہ ٹاماولیپاس کے شہر ماٹاموروس  میں مسلح افراد کی طرف سے اغوا کئے گئے 4 امریکی شہریوں میں سے 2 کی لاشیں ملی ہیں۔

میکسیکو کے صدر 'اینڈریس مانوئیل لوپز اوبارڈر 'نے ذرائع ابلاغ کے لئے جاری کردہ بیان میں واقعے پر شدید افسوس کا اور ہلاک ہونے والوں کے کنبوں، امریکی عوام اور حکومت کے ساتھ تعزیت کا اظہار  کیا ہے۔

لوپز اوباراڈر نے کہا ہے کہ اٹارنی دفتر نے 4 امریکیوں میں سے 2 کے مردہ، ایک کے زخمی اور ایک کے صحیح سلامت ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ ہم اپنا کام کرنا جاری رکھیں گے اور مجرموں کو تلاش کر کے قرار واقعی سزا دیں گے"۔

ٹاماولیپاس کے اٹارنی جنرل اِرونگ بوریوس نے بھی جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اغوا کے واقعے سے متعلق ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مجرموں کی گرفتاری کے لئے تفتیش جاری ہے۔

وائٹ ہاوس قومی سلامتی کونسل اسٹریٹجک اطلاعات کے منتظم جان کِربی نے آن لائن پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ امریکہ، اغوا کے واقعے کی تفصیلات اور مغوی امریکیوں کی وطن واپسی کے بارے میں،  میکسیکو کے حکام  کے ساتھ مِل کر کام کر رہا ہے ۔اس وقت ہمارا ترجیحی اندیشہ زندہ بچ جانے والے امریکی شہریوں کی  صحت اور ان کی صحیح سلامت وطن واپسی  ہے"۔

کِربی نے کہا ہے کہ "ہمارے شہریوں پر حملے خواہ کہیں پر اور کیسی ہی شرائط کے تحت کیوں نہ ہوں ناقابل قبول ہیں۔ حالیہ واقعے کے مجرموں کو عدالت کے کٹہرے میں لانے کے لئے ہم میکسیکو کے حکام کے ساتھ مِل کر کام کریں گے"۔

وائٹ ہاوس کی ترجمان کیرن جین پیئر نے بھی معمول کی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ میکسیکو  کے حکام کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں  اور حکومت مغوی امریکیوں کے کنبوں کے ساتھ رابطے میں  ہے۔

جین پیئر نے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا ہے کہ امریکی شہری میکسیکو کیوں گئے تھے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جو بائڈن انتظامیہ نے سرحدی سلامتی کے لئے بعض اہم اقدامات کئے ہیں۔ سرحدی سلامتی کے لئے 23 ہزار سکیورٹی عملے کو متعین کر دیا گیا ہے اور یہ ایک تاریخی تعداد ہے۔

واضح رہے کہ امریکی وفاقی تحقیقاتی بیورو 'ایف بی آئی 'نے 3 مارچ کو میکسیکو کے صوبہ ٹاماولیپاس کے شہر ماٹاموروس میں 4 امریکیوں کو مسلح افراد کی طرف سے اغوا کئے جانے کا اعلان کیا تھا۔

ایف بی آئی نے اغوا کرنے  والوں اور واقعے میں ملوّث افراد کی گرفتاری میں مدد کرنے والوں کے لئے 50 ہزار ڈالر انعام کا بھی اعلان کیا تھا۔



متعللقہ خبریں