میکسیکو کی جیل پر مسلح حملہ،14 افراد ہلاک

سرکاری استغاثہ کا کہنا ہے کہ واریز جیل پر ہونے والے مسلح حملے کے نتیجے میں 10 اہلکاروں سمیت 4 قیدی ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ حملے میں مزید 13 افراد زخمی ہوئے ہیں

1926356
میکسیکو کی جیل پر مسلح حملہ،14 افراد ہلاک

میکسیکو کے سرحدی شہر واریز  کے جیل پر مسلح حملے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

مقامی  میڈیا کے مطابق، سرکاری استغاثہ کا کہنا ہے کہ واریز جیل پر ہونے والے مسلح حملے کے نتیجے میں 10 اہلکاروں سمیت 4 قیدی ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ حملے میں مزید 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہےکہ جیل پر ہونے والے مسلح حملے کے بعد جیل سے 24 قیدی بھی فرار ہو گئے ہیں البتہ تاحال واضح نہیں کہ حملہ کس نے کیا ہے تاہم ابتدائی تحقیقات کے مطابق صبح 7 بجے مسلح گاڑیوں میں سوار حملہ آوروں نے جیل میں داخل ہوتے ہی فائرنگ شروع کر دی تھی۔

دوسری جانب جیل پر حملے کے کچھ دیر بعد ہی واریز کی بلدیاتی پولیس کے اہلکاروں پر بھی حملہ کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے حملہ آوروں کا تعاقب کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کر لیا اور ان کی گاڑی کو تحویل میں لے لیا۔

استغاثہ نے بتایا کہ شہر میں ایک اور مسلح حملے کے نتیجے میں دو ڈرائیور بھی ہلاک ہوئے ہیں تاہم ابھی یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ تینوں حملوں کے درمیان کوئی باہمی تعلق ہے یا یہ الگ واقعات ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں واریز جیل میں قید دو حریف گروہوں اور قیدیوں کے درمیان  ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔



متعللقہ خبریں